اٹلی: شہر نیپلز کے ایک ڈاک خانے میں معمول کی ڈاک کی جانچ پڑتال کے دوران ایک لفافے سے سات زندہ سانپ برآمد ہوئے، جس پر ڈاک خانے کا عملہ حیران رہ گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈاک کی معمول کی چیکنگ کے دوران حکام کو ایک مشکوک لفافہ ملا۔ اسے کھولنے پر اندر سے کارن اسنیک نسل کے سات زندہ سانپ برآمد ہوئے۔
انتظامیہ کے مطابق سانپوں کو بغیر کسی تھرمل پروٹیکشن کے لفافے میں بند کرکے منتقل کیا جا رہا تھا۔ اگرچہ یہ سانپ زہریلے نہیں تھے، تاہم لفافے میں بند رہنے کے باعث ان کے جسم کا درجہ حرارت خطرناک حد تک کم ہوگیا تھا اور وہ ہائپوتھرمیا کا شکار ہوگئے تھے۔
حکام نے تمام سانپوں کو محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کردیا ہے، جبکہ انہیں اس طرح منتقل کرنے کے ذمہ دار افراد کی نشاندہی اور گرفتاری کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔







