بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن نے ومل الائچی کے اشتہار میں کام کرنے سے روکنے کے مہاراشٹر کے فوڈ سیفٹی حکام کے اقدام کو عدالت میں چیلنج کردیا ہے۔
اس معاملے میں شاہ رخ خان اور ٹائیگر شروف کو بھی حکام کی جانب سے نوٹس جاری کیے گئے تھے، تاہم دونوں اداکاروں نے عدالتی کارروائی کا راستہ اختیار نہیں کیا۔
بھارتی ریاست مہاراشٹر کے فوڈ سیفٹی حکام نے رواں برس اگست میں اجے دیوگن، شاہ رخ خان اور ٹائیگر شروف کو ومل الائچی کے اشتہار میں کام کرنے پر نوٹس بھیجے تھے۔ حکام کا مؤقف تھا کہ ومل برانڈ بنیادی طور پر پان مصالحے سے منسلک ہے، جس کی مہاراشٹر میں فروخت ممنوع ہے۔ ان کے مطابق الائچی کے اشتہار کے ذریعے بھی اسی برانڈ کی بالواسطہ تشہیر کی جارہی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اجے دیوگن کی جانب سے دائر درخواست سے متعلق عدالتی دستاویز 15 اکتوبر کی ہے۔ اداکار نے اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ ریاست میں الائچی کی فروخت پر کوئی پابندی نہیں، اس لیے کسی قانونی مصنوعات کی تشہیر سے انہیں روکا نہیں جاسکتا۔
اجے دیوگن کے علاوہ شاہ رخ خان اور ٹائیگر شروف نے بھی حکام کے نوٹسز کے جوابات جمع کرائے تھے۔ مہاراشٹر کے فوڈ سیفٹی کمشنر تکارام منڈھے نے رائٹرز کو بتایا کہ تینوں اداکاروں نے ستمبر کے اختتام تک اپنے جوابات جمع کرا دیے تھے، تاہم شاہ رخ خان اور ٹائیگر شروف کے جوابات کا الگ سے جائزہ لیا جارہا ہے۔
اشتہار میں ایسا کیا ہے جس پر اعتراض کیا گیا؟
ومل الائچی کے متنازع اشتہار میں اجے دیوگن، شاہ رخ خان اور ٹائیگر شروف کو ہولی کھیلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اشتہار کے دوران تینوں اداکار ایک دوسرے پر زعفران پھینکتے ہیں جبکہ اجے دیوگن الائچی استعمال کرتے نظر آتے ہیں۔
دو سال قبل جاری کیے گئے اس اشتہار کو صرف ہندی زبان میں یوٹیوب پر 10 کروڑ 70 لاکھ سے زیادہ مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔ اس کے علاوہ دیگر بھارتی زبانوں میں ڈب کیے گئے اشتہار کے کلپس کو بھی لاکھوں مرتبہ دیکھا گیا ہے۔
ومل الائچی اور پان مصالحہ تیار کرنے کا لائسنس رکھنے والی کمپنی پی بی ایگرو کے وکیل دشیانت مہانت نے رائٹرز کو بتایا کہ کمپنی مہاراشٹر میں ومل کی تشہیر نہیں کرتی بلکہ اس کے اشتہارات قومی سطح پر نشر ہونے والے ٹی وی چینلز کے ذریعے دکھائے جاتے ہیں، جنہیں کسی ایک ریاست تک محدود نہیں کیا جاسکتا۔
نئی دہلی کے وکیل انوج تیواری کے مطابق اجے دیوگن کا مقدمہ اس معاملے میں ایک مثال بن سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عدالتی کارروائی سے یہ بھی واضح ہوسکتا ہے کہ پابندیاں عائد کرنے سے قبل متعلقہ حکام کو کس قانونی طریقہ کار پر عمل کرنا چاہیے اور بالواسطہ تشہیر کی حدود کیا ہیں۔
اشتہارات سے بالی ووڈ اداکار کتنی آمدنی حاصل کرتے ہیں؟
ممبئی کے اسکرین رائٹر سریش میتھیو کے مطابق بعض بالی ووڈ اداکاروں کی مجموعی آمدنی کا 30 فیصد تک حصہ اشتہارات اور مختلف برانڈز کی تشہیر سے حاصل ہوتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ تمباکو سے منسلک مصنوعات کی تشہیر کے لیے اداکاروں کو عام مصنوعات کے مقابلے میں زیادہ معاوضہ دیا جاتا ہے۔
سریش میتھیو کے مطابق بیشتر اداکار اس بات سے آگاہ ہوتے ہیں کہ بعض اوقات کسی دوسری مصنوعات کو ممنوعہ اشیا کی بالواسطہ تشہیر کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ تاہم کچھ اداکار ایسی مصنوعات کے اشتہارات میں کام کرنے سے انکار بھی کرچکے ہیں جنہیں وہ صحت کے لیے نقصان دہ سمجھتے ہیں۔
بھارت میں پان مصالحے کی مارکیٹ کتنی بڑی ہے؟
صنعتی اندازوں کے مطابق بھارت میں گزشتہ سال پان مصالحے کی مارکیٹ کا حجم تقریباً 5 ارب ڈالر تھا۔
مہاراشٹر میں پان مصالحے کی فروخت ممنوع ہے، تاہم بھارت کی دیگر ریاستوں میں ومل کے تمباکو سے پاک پان مصالحے کا ایک پیکٹ تقریباً 5 بھارتی روپے میں فروخت ہوتا ہے۔
صحت کے ماہرین کے مطابق پان مصالحے کا استعمال منہ کے اندرونی حصوں کے سخت ہونے اور سکڑنے کا سبب بن سکتا ہے۔ اس بیماری کو اورل فائبروسس کہا جاتا ہے، جو بعض صورتوں میں منہ کے سرطان میں تبدیل ہوسکتی ہے۔
پان مصالحہ اکثر چبانے والے تمباکو کے ساتھ بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ دکانوں پر یہ دونوں مصنوعات الگ الگ پیکٹوں میں ایک ساتھ فروخت ہوتی ہیں۔ اس طریقے کو ٹوئن پیکس کہا جاتا ہے، جس میں تمباکو کی پڑیا عموماً غیر برانڈڈ ہوتی ہے۔
سروگیٹ ایڈورٹائزنگ کیا ہے؟
بھارت میں شراب اور تمباکو کی مصنوعات کی تشہیر پر پابندیاں عائد ہیں، تاہم ان سے وابستہ بعض کمپنیاں سوڈا، پانی اور شیشے کے برتن جیسی دیگر مصنوعات کے ذریعے اپنے برانڈز کی تشہیر کرتی ہیں۔ اس طریقہ کار کو سروگیٹ ایڈورٹائزنگ کہا جاتا ہے۔
کمپنیوں کا مؤقف ہے کہ یہ متبادل مصنوعات الگ کاروباری حیثیت رکھتی ہیں اور ان کی تشہیر پر پابندی نہیں ہونی چاہیے۔ دوسری جانب صحت عامہ کے حکام کا کہنا ہے کہ اس طریقے کا بنیادی مقصد ممنوعہ مصنوعات کے برانڈز کو صارفین میں مقبول اور نمایاں رکھنا ہے۔
بھارتی حکام 2024 سے اس نوعیت کے اشتہارات کی روک تھام کے لیے مزید سخت قواعد متعارف کرانے کی کوشش کررہے ہیں۔
اجے دیوگن کی جانب سے دائر مقدمہ اسی بحث میں اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ ممبئی ہائی کورٹ کا فیصلہ اس بات کا تعین کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے کہ کسی قانونی مصنوعات کی تشہیر کو کن حالات میں ممنوعہ مصنوعات کی بالواسطہ تشہیر قرار دیا جاسکتا ہے۔







