پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ ایک اہم قومی ذمہ داری ہے، جس کی تکمیل کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کو مشترکہ اور مربوط کوششیں کرنا ہوں گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبرپختونخوا میں انسدادِ پولیو کی کوششوں کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مشیر صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر، سیکرٹری صحت مطیع اللہ، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق، نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (NEOC) کے نیشنل کوآرڈینیٹر کیپٹن (ر) محمد انوار الحق اور کوآرڈینیٹر پولیو خیبرپختونخوا سارہ رحمان نے شرکت کی۔ شرکاء نے صوبے سے پولیو کے خاتمے کے لیے گورنر خیبرپختونخوا کی خصوصی دلچسپی اور مسلسل تعاون کو سراہا۔
اجلاس کے دوران 12 دسمبر سے صوبہ بھر میں شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ حکام نے گورنر کو گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی مہم کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خصوصی ٹیمیں ہر گھر کا دورہ کریں گی تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہ جائے۔
اجلاس میں خیبرپختونخوا میں پولیو کی مجموعی صورتحال، بالخصوص بنوں، خیبر اور پشاور کے اضلاع میں پولیو وائرس کی منتقلی کے رپورٹ ہونے والے کیسز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے آگاہ کیا کہ حال ہی میں ضلع کرک میں بھی پولیو کا ایک کیس سامنے آیا ہے، جو ویکسینیشن مہم کو مزید مؤثر اور جامع بنانے کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ناگزیر ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے والدین، علاقائی عمائدین اور علماء کرام پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے بتایا کہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایئرپورٹس پر بھی بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔ گورنر نے انسدادِ پولیو مہم کے دوران فرائض کی انجام دہی میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیو ورکرز اور پولیس اہلکاروں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیو اب بھی عالمی سطح پر صحتِ عامہ کا ایک بڑا چیلنج ہے اور پاکستان کو اس وقت تک اپنی کوششیں جاری رکھنی چاہئیں جب تک اس مرض کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا







