بیجنگ (شِنہوا) چین کے صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کے خلا بازوں کی مشترکہ خلائی تحقیق دونوں ملکوں کے درمیان گہری دوستی کی واضح عکاسی ہے۔شی نے مشترکہ خلائی مشن پر پاکستانی صدر آصف علی زرداری کے ساتھ مبارکباد کا تبادلہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ دوطرفہ تعاون میں ایک اور اہم کامیابی کی علامت ہے۔شی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پہلی بار چین کے شین ژو خلائی مشن کے ذریعے ایک پاکستانی خلا باز کے خلا میں کامیاب داخلے کا جان کر خوشی ہوئی ہے جس سے وہ چین کے خلائی سٹیشن میں قیام کرنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بن گئے ہیں۔شی نے چینی حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ ساتھ دونوں ملکوں کے خلا بازوں اور خلائی ماہرین کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔شی نے اس بات کا ذکر کیا کہ چین اور پاکستان سدا بہار تزویراتی تعاون کے شراکت دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 75 سال قبل سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد دونوں ممالک کے درمیان دوستی چٹان کی طرح مضبوط اور اٹوٹ رہی ہے۔شی نے زور دیا کہ چین کا خلائی سٹیشن امن، دوستی اور تعاون کی علامت ہے، چین بیرونی خلا کا پرامن استعمال آگے بڑھانے، بین الاقوامی خلائی تعاون گہرا کرنے اور بیرونی خلا میں عالمی نظم و نسق بہتر بنانے کے لئے پاکستان اور دیگر ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ بیرونی خلا کی تحقیق انسانیت کو زیادہ سے زیادہ فوائد پہنچائے۔دوسری جانب صدر آصف علی زرداری نے پاکستانی حکومت اور عوام کی طرف سے چینی حکومت اور برادر چینی عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی خلائی تعاون اور پہلے پاکستانی خلا باز کا چین کے خلائی سٹیشن میں داخل ہونا ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب دونوں ممالک سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ تعاون خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی میں چین کی شاندار پیش رفت، بیرونی خلا کے پرامن استعمال کے لئے اس کے پختہ عزم اور انسانیت کے لئے مشترکہ مستقبل کی حامل کمیونٹی کی تعمیر کی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ دوطرفہ دوستی کو مزید مضبوط بنائے گا اور دونوں ممالک کے درمیان ہر قسم کے حالات میں تعاون پر مبنی تزویراتی شراکت داری کو اعلیٰ سطح پر لے جائے گا۔







