چارسدہ میں شبقدر پولیس نے جدید تفتیشی ذرائع اور تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے خاتون کے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا ہے اور واردات میں ملوث چار اجرتی ملزمان کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر لیا ہے، جبکہ دورانِ تفتیش انکشاف ہوا ہے کہ مقتولہ کا شوہر ہی اس قتل کا اصل منصوبہ ساز ہے۔
پولیس تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) چارسدہ رفعت اللہ خان (پی ایس پی) نے خاتون کے قتل کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی شبقدر مقدم خان کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ شبقدر جہانگیر خان، سی آئی او شبقدر اور دیگر تفتیشی افسران پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔
ڈی ایس پی شبقدر مقدم خان کی قیادت میں ایس ایچ او تھانہ شبقدر جہانگیر خان اور پولیس ٹیم نے جدید سائنسی خطوط، سی سی ٹی وی فوٹیج اور ٹیکنیکل شواہد کی مدد سے تفتیش کو آگے بڑھاتے ہوئے مسماۃ (س) کے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا۔ تفتیش کے دوران یہ سنسنی خیز انکشاف سامنے آیا کہ مقتولہ کے شوہر نے شک کی بنیاد پر اپنی بیوی کو اجرتی قاتلوں کے ذریعے قتل کروانے کا منصوبہ بنایا تھا۔
پولیس ٹیم نے بروقت چھاپے مارتے ہوئے قتل کی اس واردات میں ملوث چار ملزمان عزیر، روید، امداد اور پائندہ گل کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا ہے، جبکہ مفرور مرکزی منصوبہ ساز شوہر کی گرفتاری کے لیے پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔
دریں اثنا شبقدر پولیس نے ایک اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے زنا بالجبر کی کوشش اور اقدامِ قتل کے مقدمے میں نامزد ملزم آصف ولد جہانگیر کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق تمام گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی پی او چارسدہ رفعت اللہ خان (پی ایس پی) نے شبقدر پولیس کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ ضلع بھر میں سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔







