برطانوی فضائیہ نے ممکنہ ڈرون حملوں کے خطرے کے پیش نظر اپنے جنگی طیاروں کو محفوظ رکھنے کے لیے انہیں ہینگرز اور مضبوط حفاظتی پناہ گاہوں میں منتقل کرنا شروع کردیا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق جن جنگی طیاروں کو رن ویز یا ایسے فوجی اڈوں پر کھڑا کرنا ضروری ہے جہاں مناسب حفاظتی انتظامات دستیاب نہیں، وہاں ان کے گرد ڈرون شکن جال لگانے کی منصوبہ بندی بھی کی جارہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق یوکرین میں روسی ڈرون حملوں سے فوجی سازوسامان، اہم تنصیبات اور شاہراہوں کو محفوظ بنانے کے لیے پہلے ہی اس نوعیت کے حفاظتی جال استعمال کیے جارہے ہیں۔
دوسری جانب برطانیہ کی دفاعی تنصیبات کو لاحق ممکنہ خطرات کے پیش نظر برطانوی خفیہ ادارے ایم آئی فائیو اور وزارت دفاع نے منگل کو یوکرین کو فوجی سازوسامان فراہم کرنے والی برطانوی کمپنیوں کو خبردار کیا ہے کہ انہیں روس کی جانب سے تخریب کاری کے بڑھتے ہوئے خطرات کا سامنا ہے۔
رپورٹ میں ایران پر بھی گلوسٹرشائر میں قائم برطانوی فضائی اڈے آر اے ایف فیئر فورڈ کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ان خطرات کے بعد امریکی محکمہ دفاع نے مذکورہ فضائی اڈے سے اپنے بمبار طیارے منتقل کردیے۔ مزید برآں ایران کی جانب سے ایک اور ممکنہ خطرے کی اطلاعات کے بعد امریکی جنگی طیاروں کو برطانیہ کے دوسرے فضائی اڈے سے بھی دوسری جگہ منتقل کیا گیا ہے۔
برطانوی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سر ہارو سمائتھ نے کہا ہے کہ ممکنہ جنگی صورتحال کے پیش نظر طیاروں کو مختلف مقامات پر منتقل کرنے کی مشقیں انتہائی ضروری ہیں۔
ان کے مطابق مستقبل کی جنگ میں برطانیہ کے اندر بھی کوئی مقام مکمل طور پر محفوظ نہیں ہوگا، اس لیے فضائیہ کو ایسے حالات کے لیے تیار رہنا چاہیے جن میں برطانوی سرزمین سے ہی فوجی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے طیاروں کو مسلسل مختلف مقامات پر منتقل کرنا پڑے۔







