مصر کے دارالحکومت قاہرہ کی مصروف رنگ روڈ پر پیٹرولیم مصنوعات سے بھری گاڑی الٹنے کے بعد خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 31 افراد جاں بحق جبکہ 21 زخمی ہوگئے۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حادثہ قاہرہ کے علاقے گیزہ کے الوراق ڈسٹرکٹ میں مرکزی رنگ روڈ پر پیش آیا، جہاں پیٹرولیم مصنوعات سے بھری گاڑی ایک سرنگ کے اوپر الٹ گئی۔ حادثے کے بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے متعدد گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
مصر کی پبلک پراسیکیوشن کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں 27 گاڑیاں جل کر تباہ ہوگئیں، جن میں کاریں اور موٹر سائیکلیں بھی شامل ہیں۔ حکام کی جانب سے حادثے میں جانی نقصان اور املاک کو پہنچنے والے نقصان کی تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔
مصر کی وزارت صحت کے مطابق امدادی سرگرمیوں میں 39 ایمبولینسز نے حصہ لیا۔ امدادی ٹیموں اور سیکیورٹی اہلکاروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر متاثرہ علاقے کا جائزہ لیا اور امدادی کارروائیاں انجام دیں۔
حادثے کے عینی شاہد علی یوسف نے رائٹرز کو بتایا کہ متعدد گاڑیاں مکمل طور پر جل چکی تھیں اور بعض گاڑیوں کے اندر موجود افراد کو باہر نکلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ ان کے مطابق آگ نے گاڑیوں کے ساتھ ان میں سوار افراد کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں جائے حادثہ سے دھوئیں کے گہرے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔
مصر کی پبلک پراسیکیوشن نے جاں بحق ہونے والے ان افراد کی شناخت کے لیے ڈی این اے نمونے حاصل کرنے کا حکم دیا ہے جن کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔ حکام کے مطابق حادثے میں ہلاکتوں اور مالی نقصان کی حتمی تفصیلات مرتب کی جارہی ہیں۔
مصر میں تیز رفتاری، ٹریفک قوانین پر کمزور عمل درآمد اور سڑکوں کی خراب حالت کو حادثات کی اہم وجوہات قرار دیا جاتا ہے۔
سرکاری ادارے سینٹرل ایجنسی فار پبلک موبلائزیشن اینڈ اسٹیٹسٹکس (CAPMAS) کے اعداد و شمار کے مطابق مصر میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 2025 میں 10.8 فیصد اضافے کے ساتھ 5 ہزار 829 ہوگئی، جبکہ 2024 میں یہ تعداد 5 ہزار 260 تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا اظہار افسوس
وزیراعظم شہباز شریف نے قاہرہ میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ مصری صدر عبدالفتاح السیسی، جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ اور برادر مصری عوام سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔
انہوں نے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا بھی کی اور کہا کہ پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں مصر کے ساتھ کھڑا ہے۔







