پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ ملک میں مفاہمت اور قومی مکالمے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے، تاہم تحریک انصاف قومی حکومت کی تجویز مسترد کرتی ہے اور حکومت کے ساتھ کسی ڈیل کے حق میں بھی نہیں۔شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ملک کو سیاسی کشیدگی سے نکالنے کے لیے قومی مکالمہ کی ضرورت جتنی اب محسوس کی جا رہی ہے شاید ہی پہلے کبھی محسوس کی گئی ہو، لیکن قومی حکومت کی تجویز مسترد کرتے ہیں یہ خیال قابل قبول نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف حکومت کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں کرے گی۔پی ٹی آئی رہنما نے حکومتی اتحاد کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کشتی میں سوراخ ہوچکا ہے اور اتحادی جماعتیں خود کو اس سے الگ کررہی ہیں۔ ان کے بقول شریف فیملی کی مبینہ باہمی لڑائی نے بھی حکومت کو مزید کمزور کردیا ہے۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ تحریک انصاف اصولی طور پر نئے صوبوں کے قیام کی مخالف نہیں، تاہم حکومت کی جانب سے باضابطہ مسودہ سامنے آنے تک نئے صوبوں اور 28ویں آئینی ترمیم پر کوئی بات نہیں کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ پارٹی حکومتی ڈرافٹ کا جائزہ لینے کے بعد ہی کوئی فیصلہ کرے گی، راہم اس معاملے میں حتمی مقف اختیار کرنے سے پہلے تجاویز اور مجوزہ آئینی تبدیلیوں کو دیکھنا ضروری ہے۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے شہدا کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، اس کے ساتھ ہی 26 نومبر کے واقعے کی عدالتی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی اس واقعے کے حقائق سامنے لانے کے لیے عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کرتی ہے۔پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تحریک انصاف سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، ان کے مطابق ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر مثر عمل درآمد ضروری ہے،شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کی بہتری کے لیے قومی سطح پر مربوط حکمت عملی اپنائی جانی چاہیے۔







