امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان سہ فریقی ملاقات اختتام پذیر ہوگئی، جس میں یوکرین جنگ، جوہری ہتھیاروں اور عالمی استحکام سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ غیر معمولی ملاقات ایشیا پیسیفک سربراہی اجلاس (اے پی ای سی) کے موقع پر چین کے شہر شینژن میں ایک ولا میں منعقد ہوئی، جہاں تینوں بڑی جوہری طاقتوں کے سربراہان ایک بڑی گول میز کے گرد بیٹھے اور مختلف معاملات پر گفتگو کی۔
ملاقات کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ تینوں رہنما تاریخ رقم کر رہے ہیں اور ان کے پاس بات چیت کے لیے متعدد اہم معاملات موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے مواقع سے فائدہ اٹھائے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں کیا جاسکتا۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تینوں ممالک کے درمیان علاقائی تنازعات کے حل کے حوالے سے کئی مشترکہ مفادات موجود ہیں، جن میں یوکرین کا تنازع بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ روس، چین اور امریکا تعمیری انداز میں مل کر کام کریں تو عالمی استحکام کو مضبوط بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
شی جن پنگ کا جوہری ہتھیاروں کے خاتمے پر زور
چینی صدر شی جن پنگ نے ملاقات کے دوران جوہری ہتھیاروں کے مکمل خاتمے اور ان پر جامع پابندی عائد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق شی جن پنگ نے جوہری ہتھیاروں کو انسانیت کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک بنانے کے مقصد کے تحت ان پر مکمل پابندی لگائی جانی چاہیے اور انہیں مکمل طور پر ختم کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جوہری جنگ نہ تو جیتی جاسکتی ہے اور نہ ہی اسے کبھی لڑنا چاہیے۔ ان کے مطابق ایسی جنگ کو روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنا ضروری ہے۔
چین کئی برسوں سے اپنے جوہری پروگرام پر امریکا کے ساتھ براہ راست مذاکرات سے گریز کرتا آیا ہے۔ بیجنگ کا مؤقف رہا ہے کہ امریکا اور روس کے پاس نسبتاً بڑے جوہری ذخائر موجود ہیں، اس لیے ان دونوں ممالک کو اس معاملے پر براہ راست بات چیت کرنی چاہیے۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی کہہ چکے تھے کہ جوہری ہتھیاروں کا خاتمہ ان اہم موضوعات میں شامل ہے جن پر وہ شی جن پنگ اور ولادیمیر پیوٹن سے گفتگو کرنا چاہتے ہیں۔
یوکرین تنازع پر بھی گفتگو
ملاقات کے حوالے سے چین کے سرکاری میڈیا نے بتایا کہ صدر شی جن پنگ نے اپنے ابتدائی بیان میں یوکرین کا ذکر نہیں کیا، جبکہ ٹرمپ اور پیوٹن کی گفتگو میں اس تنازع کا تذکرہ ہوا۔
شی جن پنگ نے کہا کہ تاریخ سے ثابت ہوتا ہے کہ جب بڑی طاقتیں باہمی ہم آہنگی کے ساتھ رہتی ہیں تو دنیا میں امن قائم رہتا ہے، لیکن جب ان کے درمیان تصادم ہوتا ہے تو عالمی سطح پر بدامنی پیدا ہوتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق تینوں عالمی رہنماؤں کے درمیان یہ ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ 20 منٹ تک جاری رہی۔
اس سہ فریقی نشست سے قبل صدر ٹرمپ نے شی جن پنگ اور ولادیمیر پیوٹن سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کی تھیں اور دونوں رہنماؤں کو اپنا دوست قرار دیا تھا۔
امریکی صدر نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ اور شی جن پنگ آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل جاری رکھنے کی اہمیت پر متفق ہیں، کیونکہ ایران جنگ کے باعث اس اہم بحری گزرگاہ سے تیل کی ترسیل متاثر ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق دو روزہ سربراہی اجلاس کے دوران شی جن پنگ نے اپنے بیانات میں یوکرین اور ایران کا ذکر نہیں کیا۔







