(ویب ڈیسک) ہالی ووڈ کی مشہور فلم سیریز جیمز بانڈ کے نئے ہیرو کے انتخاب سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ ایمازون کے بانی جیف بیزوس نے انکشاف کیا ہے کہ اداکار رابرٹ پیٹنسن کو اگلا جیمز بانڈ منتخب کرنے کے عمل میں وہ براہ راست شریک تھے۔
جیف بیزوس نے سیمافور کی کانفرنس ’سلیکون ویلی اینڈ دی ورلڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جیمز بانڈ کے کردار کے لیے ابتدائی طور پر اداکاروں کی ایک طویل فہرست تیار کی گئی تھی، جسے بعد میں مختصر کرکے پانچ امیدواروں تک محدود کردیا گیا۔
ان کے مطابق ان پانچوں اداکاروں کے اسکرین ٹیسٹ لیے گئے، جن کے دوران انہیں مکمل ملبوسات پہنا کر حقیقی فلمی سیٹس پر دیگر اداکاروں کے ساتھ مختلف مناظر کی عکس بندی کروائی گئی۔
جیف بیزوس نے بتایا کہ ہر امیدوار سے تین مختلف مناظر ریکارڈ کروائے گئے، جس کے بعد انہوں نے فلم کے ہدایت کار ڈینس ویلینیو اور دیگر فیصلہ سازوں کے ساتھ ان ٹیسٹ ویڈیوز کا جائزہ لیا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ابتدا میں رابرٹ پیٹنسن کے انتخاب پر کچھ تحفظات موجود تھے کیونکہ وہ پہلے ہی عالمی سطح پر شہرت حاصل کرچکے ہیں۔
جیف بیزوس کے مطابق فلم سازوں کی خواہش تھی کہ کسی نسبتاً کم معروف اداکار کو یہ کردار دیا جائے تاکہ جیمز بانڈ کا کردار اسے عالمی شہرت دلانے کا ذریعہ بن سکے۔
تاہم اسکرین ٹیسٹ دیکھنے کے بعد تمام فیصلہ ساز رابرٹ پیٹنسن کے انتخاب پر متفق ہوگئے۔
جیف بیزوس کا کہنا تھا کہ رابرٹ پیٹنسن کی اداکاری میں کچھ ایسی خاص بات تھی جسے دیکھ کر واضح ہوگیا کہ وہی جیمز بانڈ کے کردار کے لیے موزوں انتخاب ہیں۔







