بنگلہ دیش میں تشدد، محمد یونس کا گھر نذرِ آتش

شیخ حسینہ کی ممکنہ واپسی سے قبل بنگلہ دیش میں کشیدگی، محمد یونس کا آبائی گھر نذرِ آتش
ڈھاکا: بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی دسمبر میں ممکنہ واپسی سے قبل ملک میں سیاسی کشیدگی اور پُرتشدد واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہیں جبکہ پولیس کے مطابق تشدد کے واقعات میں حکمراں جماعت کے دو کارکن ہلاک ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب سابق چیف ایڈوائزر محمد یونس کے آبائی گھر کو بھی آگ لگا دی گئی ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شیخ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ نے جمعرات کو ملک گیر ہڑتال کی کال دی تھی۔ اس سے قبل ایک ہفتے تک مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جاتی رہیں۔

عوامی لیگ کی جانب سے احتجاج کی وجہ حکومت کا شیخ حسینہ کو نیا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ جاری کرنے کی درخواست مسترد کرنا ہے۔ ان دستاویزات کے اجرا سے سابق وزیراعظم کی بنگلہ دیش واپسی کی راہ ہموار ہوسکتی تھی۔

ممکنہ تشدد کے پیش نظر بنگلہ دیش بارڈر گارڈ کی 97 پلاٹونز کو ملک کے سات اضلاع میں تعینات کردیا گیا ہے۔ بارڈر گارڈ کے ترجمان شریف الاسلام کے مطابق تعیناتی والے علاقوں میں گوپال گنج اور فریدپور بھی شامل ہیں، جہاں شیخ حسینہ کے حامیوں کی بڑی تعداد موجود سمجھی جاتی ہے۔
محمد یونس کے آبائی گھر کو آگ لگا دی گئی
پولیس کے مطابق بدھ کی رات بنگلہ دیش کے سابق عبوری سربراہ محمد یونس کے آبائی گھر کو چٹاگانگ میں نذرِ آتش کردیا گیا۔ یہ شہر دارالحکومت ڈھاکا سے تقریباً 300 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔

پنچلائش پولیس اسٹیشن کے سربراہ مزمل حق نے رائٹرز کو بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق آتش گیر مواد گھر کی گراؤنڈ فلور پر واقع ایک غیر استعمال شدہ کمرے میں پھینکا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ محمد یونس کے خاندان کے افراد گھر کی بالائی منزلوں پر مقیم تھے اور واقعے میں وہ محفوظ رہے۔

رائٹرز کے مطابق واقعے پر محمد یونس کا مؤقف حاصل کرنے کے لیے ان کے نمائندہ تھنک ٹینک یونس سینٹر سے فوری رابطہ نہیں ہوسکا۔

شیخ حسینہ کی حکومت ختم ہونے کے بعد محمد یونس نے بنگلہ دیش کی قیادت سنبھالی تھی، تاہم انہیں اور ان کی حکومت کو سابق وزیراعظم کے حامیوں کی جانب سے مخالفت اور مزاحمت کا سامنا رہا ہے۔
شیخ حسینہ اگست 2024 سے بھارت میں مقیم ہیں
شیخ حسینہ اگست 2024 میں طلبہ کی قیادت میں شروع ہونے والی تحریک کے نتیجے میں اپنی 15 سالہ حکومت ختم ہونے کے بعد بھارت چلی گئی تھیں اور اس وقت سے وہیں مقیم ہیں۔

گزشتہ سال بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے مظاہرین کے خلاف خونریز کریک ڈاؤن کے مقدمے میں انہیں انسانیت کے خلاف جرائم کا مجرم قرار دیتے ہوئے ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی تھی۔
بنگلہ دیش کے مزید 28 اضلاع میں پُرتشدد واقعات
پولیس کے مطابق گزشتہ 10 روز سے جاری احتجاج کے دوران بنگلہ دیش کے کم از کم 28 اضلاع میں متعدد پُرتشدد واقعات پیش آئے۔ ان میں درجنوں دیسی ساختہ بم دھماکے اور گاڑیوں کو آگ لگانے کے واقعات شامل ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ان واقعات میں پولیس اہلکاروں اور عام شہریوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب پولیس افسر محمد خالد منصور نے رائٹرز کو بتایا کہ حکام نے جمعرات کو سابق وزیر تعلیم نور الاسلام ناہد کو ڈھاکا میں ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لے لیا ہے۔

نور الاسلام ناہد کو 2024 کے احتجاجی مظاہروں کے دوران ہونے والی متعدد ہلاکتوں سے متعلق مقدمات کا سامنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed