بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان نے امریکی تجارتی جریدے ورائٹی کی جانب سے جاری کردہ دنیا کے 100 عظیم ترین فلمی ستاروں کی فہرست میں جگہ بنا لی ہے۔
شاہ رخ خان اس فہرست میں 92ویں نمبر پر ہیں اور وہ اس میں شامل ہونے والے واحد بھارتی اداکار ہیں۔
ورائٹی نے انہیں بالی ووڈ سنیما کا دیو قامت ستارہ قرار دیتے ہوئے لکھا ہے کہ شاہ رخ خان کا شمار بھارت کے آخری سپر اسٹارز میں ہوتا ہے۔ ان کی نمایاں اداکاری، منفرد انداز، ڈرامائی صلاحیتوں اور مزاحیہ حس نے مختلف ادوار میں ان کی مقبولیت برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
رپورٹ میں ان کی فلموں ’بازی گر‘ اور ’ڈر‘ کو کیریئر کی اہم فلمیں قرار دیا گیا، جبکہ ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ اور ’دیوداس‘ نے انہیں رومانوی ہیرو کے طور پر شہرت دلائی۔
جریدے کے مطابق بھارت میں مداح شاہ رخ خان کو ’کنگ خان‘ کے نام سے پکارتے ہیں اور وہ آج بھی اپنی مقبولیت اور مقام سے مطمئن دکھائی دیتے ہیں۔
ورائٹی کی فہرست کے ابتدائی 10 نام
دنیا کے 100 عظیم ترین فلمی ستاروں کی فہرست میں پہلے 10 نمبروں پر مارلن منرو، ہمفری بوگارٹ، چارلی چپلن، جیک نکلسن، کیتھرین ہیپ برن، سڈنی پوئٹیئر، مارلن برانڈو، ٹام کروز، توشیرو میفونے اور باربرا اسٹریسینڈ شامل ہیں۔
دوسری جانب شاہ رخ خان اپنی اگلی فلم ’کنگ‘ میں نظر آئیں گے، جو 24 دسمبر 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ اس فلم کے ذریعے ان کی بیٹی سہانا خان بھی بڑے پردے پر اداکاری کا آغاز کریں گی۔
فلم میں دیپیکا پڈوکون، ابھیشیک بچن اور رانی مکھرجی سمیت دیگر فنکار بھی اہم کرداروں میں دکھائی دیں گے۔







