شیخ ملتون پولیس کی بڑی کارروائی، بند گھروں سے چوری کرنے والے 3 ملزمان گرفتار، 16 تولے سونا اور لاکھوں روپے کا سامان برآمد

مردان میں تھانہ شیخ ملتون پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بند گھروں کے تالے توڑ کر چوری کی وارداتیں کرنے والے تین رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا ہے اور ان کے قبضے سے 16 تولے طلائی زیورات سمیت لاکھوں روپے مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کر لیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ڈی ایس پی شیخ ملتون محمد اقبال خان کی زیرِ نگرانی ایک خصوصی انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی گئی، جس میں ایس ایچ او تھانہ شیخ ملتون عامر ریاض خان، انویسٹی گیشن آفیسر مومن خان اور دیگر پولیس افسران شامل تھے۔ ٹیم نے پیشہ ورانہ حکمتِ عملی اور جدید تفتیشی طریقوں کو بروئے کار لاتے ہوئے چوری کی وارداتوں کا سراغ لگا کر تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ڈی ایس پی شیخ ملتون محمد اقبال خان نے ایس ایچ او عامر ریاض خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ تھانہ شیخ ملتون کی حدود میں بند گھروں سے چوری کی متعدد وارداتوں کی شکایات موصول ہوئی تھیں، جس پر خصوصی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نظار ولد عابد اللہ، کامران عرف باچہ خان ولد سردار ساکنان درب کلے اور لطیف ولد صمد ساکن عرب آباد معیار کو گرفتار کیا۔

ڈی ایس پی محمد اقبال خان نے مزید بتایا کہ دورانِ تفتیش ملزمان کی نشاندہی پر 16 تولے طلائی زیورات، 4 عدد اے سی، 2 عدد ایل سی ڈی، ایک موٹر سائیکل، ایک سائیکل، 2 عدد بیٹریاں، ایک استری اور ایک عدد سی پی یو سمیت لاکھوں روپے مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ چوری کی دیگر وارداتوں میں ملوث سہولت کاروں کا سراغ لگا کر مزید مسروقہ مال برآمد کیا جا سکے۔ مردان پولیس نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے چوروں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed