یٹا نے انسٹا گرام کی ڈائریکٹ میسجنگ سروس کو مرکزی پلیٹ فارم سے الگ کرنے کے لیے نئی ایپ متعارف کرانے پر کام شروع کر دیا ہے، جس کا مقصد صارفین کو صرف پیغامات کے تبادلے کے لیے ایک علیحدہ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
نئی ایپ کے ذریعے صارفین کو ایک دوسرے سے بات چیت کرنے کے لیے انسٹا گرام کی مرکزی ایپ استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس طرح وہ پوسٹس، ریلز اور دیگر مواد دیکھے بغیر براہ راست پیغامات بھیج اور وصول کرسکیں گے۔
اس ایپ کی ایک اہم خصوصیت یہ بھی ہوگی کہ صارفین انسٹا گرام اکاؤنٹ کے بغیر بھی دوسروں سے رابطہ کرسکیں گے۔
واضح رہے کہ انسٹا گرام نے 2013 میں ڈائریکٹ میسجنگ کا فیچر متعارف کرایا تھا، جس کے ذریعے صارفین فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم کے اندر رہتے ہوئے ایک دوسرے کو پیغامات بھیج سکتے تھے۔
اب میٹا اس سروس کو فیس بک میسنجر کی طرز پر مرکزی ایپ سے الگ کرکے مستقل میسجنگ ایپ کی شکل دینے کی تیاری کر رہا ہے۔
نئی ایپ میں انفرادی اور گروپ چیٹس کی سہولت دستیاب ہوگی۔ اس کے علاوہ انسٹا گرام کے بعض مقبول فیچرز بھی اس کا حصہ ہوں گے، جن میں ڈرائنگ، نوٹس، ذاتی نوعیت کے اسٹیکرز، وائس ایفیکٹس اور چیٹ تھیمز شامل ہیں۔
فی الحال یہ ایپ صرف ترکیہ اور تھائی لینڈ کے صارفین کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔ میٹا کے مطابق اس سروس تک رسائی کے لیے صارفین کی عمر کم از کم 13 سال ہونا ضروری ہے







