پشاور کے پوش علاقے حیات آباد میں تاتارا پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک رہائشی مکان میں مبینہ ڈانس پارٹی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کے خلاف چھاپہ مار کر چار مرد اور تین خواتین کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حیات آباد فیز 6 کے سیکٹر F-10 میں واقع ایک رہائشی گھر کو مبینہ طور پر ڈانس پارٹی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیے جانے کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ اطلاع ملنے پر تھانہ تاتارا پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مذکورہ مکان پر چھاپہ مارا، جہاں سے چار مرد اور تین خواتین کو قابلِ اعتراض حالت میں موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب مقامی شہری فورم "وائس آف حیات آباد” اور علاقہ مکینوں نے بروقت ایکشن پر حیات آباد پولیس کے اقدام کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ رہائشی علاقوں کا تقدس پامال کرنے اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، جبکہ علاقے کے عوام اس سلسلے میں پولیس کو اپنا بھرپور تعاون فراہم کریں گے







