ہانیہ عامر صائم صادق کی نئی فلم میں مرکزی کردار کریں گی

(ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر معروف فلم ساز صائم صادق کی آنے والی فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گی۔ فلم کی شوٹنگ مبینہ طور پر شروع ہوچکی ہے، تاہم اس کے نام، کہانی، دیگر اداکاروں اور ریلیز کی تاریخ سے متعلق تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔

فلم ساز صائم صادق کو اپنی پہلی فیچر فلم ’جوائے لینڈ‘ کی ہدایت کاری کے بعد بین الاقوامی سطح پر پہچان ملی تھی۔ اب وہ ہانیہ عامر کے ساتھ نئے فلمی منصوبے پر کام کررہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق فلم کی عکس بندی کا آغاز ہوچکا ہے جبکہ منصوبے سے متعلق مزید تفصیلات اور اپ ڈیٹس جلد سامنے آنے کی توقع ہے۔
ہانیہ عامر کا فلمی اور ڈرامائی سفر
ہانیہ عامر نے 2016 میں ریلیز ہونے والی فلم ’جانان‘ سے اداکاری کے میدان میں قدم رکھا، جس کے بعد انہوں نے ٹیلی ویژن ڈراموں میں کام شروع کردیا۔

اداکارہ نے ’تتلی‘، ’انا‘، ’عشقیہ‘ اور ’دل ربا‘ جیسے ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ تاہم ڈرامہ سیریل ’میرے ہمسفر‘ نے ان کی مقبولیت میں مزید اضافہ کیا اور انہیں بین الاقوامی ناظرین میں بھی شناخت دلائی۔

بعد ازاں ہانیہ عامر ’مجھے پیار ہوا تھا‘ اور ’کبھی میں کبھی تم‘ جیسے کامیاب ڈراموں میں بھی نظر آئیں۔

ٹیلی ویژن کے علاوہ وہ ’نامعلوم افراد 2‘، ’پرواز ہے جنون‘ اور ’پردے میں رہنے دو‘ جیسی فلموں میں بھی اداکاری کرچکی ہیں۔
صائم صادق کی فلم ’جوائے لینڈ‘ کو عالمی پذیرائی
فلم ساز صائم صادق نے فلم سازی کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد مختصر فلموں سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ بعد ازاں انہوں نے اپنی پہلی فیچر فلم ’جوائے لینڈ‘ بنائی، جس نے بین الاقوامی سطح پر توجہ حاصل کی۔

فلم کو کانز فلم فیسٹیول میں بھی پذیرائی ملی، جہاں اس نے جیوری پرائز اپنے نام کیا۔

’جوائے لینڈ‘ اپنے موضوع اور عالمی سطح پر ملنے والی پذیرائی کے باعث پاکستانی سنیما کے اہم منصوبوں میں شمار ہوتی ہے۔

اب ہانیہ عامر کے ساتھ صائم صادق کے نئے فلمی منصوبے سے متعلق شائقین کی دلچسپی بڑھ گئی ہے، تاہم فلم کی مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed