راولپنڈی میں خونی ڈکیتی کی ایک لرزہ خیز واردات میں ڈاکوئوں نے مزاحمت پر تاجر کو قتل کر دیا۔تفصیل کے مطابق راولپنڈی کے علاقے تھانہ صدر بیرونی کی حدود شاہ پور میں ڈکیتی کی ایک انتہائی افسوسناک واردات پیش آئی ، جہاں سفاک ڈاکوئو ں نے دورانِ مزاحمت فائرنگ کر کے ایک دکاندار کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔پولیس ذرائع کے مطابق تین مسلح ڈاکوئوں نے دکان پر دھاوا بولا اور صرف ایک ہزار روپے کی رقم لوٹ کر فرار ہو گئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں دکاندار موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جس کی شناخت عبد المالک کے نام سے ہوئی ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، تاہم شہر میں بڑھتی ہوئی خونی ڈکیتیوں نے شہریوں اور تاجر برادری میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔







