پاکستان کی خاتون بائیکر گل افشا برطانیہ سے موٹر سائیکل پر طویل اور منفرد سفر مکمل کرتے ہوئے پاکستان پہنچ گئی ہیں، انہوں نے 36 دن میں یہ سفر طے کیا اور سوات پہنچنے پر مقامی بائیکرز اور شہریوں نے ان کا شاندار استقبال کیا، گل افشا نے 11 مارچ کو مانچسٹر(یو کے)سے اپنے سفر کا آغاز کیا اور فرانس، سوئٹزرلینڈ، اٹلی، یونان، بلغاریہ اور ترکی سے ہوتے ہوئے پاکستان پہنچیں، انہوں نے بتایا کہ ترکی سے ایران کے مشکل بارڈر کو عبور کرنا ان کے سفر کا سب سے کٹھن مرحلہ تھا جبکہ موسم کی سختیوں اور اپنی بیٹی سے دوری جیسی مشکلات کا بھی سامنا رہا تاہم ان کے حوصلے بلند رہے، انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کی خواتین کو یہ پیغام دینا چاہتی ہیں کہ وہ کسی سے کم نہیں اور ہر میدان میں آگے بڑھ سکتی ہیں، گل افشا کا تعلق سرگودھا سے ہے جبکہ ان کی شادی سوات میں ہوئی ہے اور انہوں نے اپنے اس یادگار سفر کا اختتام بھی سوات میں کیا، اس موقع پر مقامی بائیکر فواد نے کہا کہ ہمیں گل افشا پر فخر ہے اور ان کی کامیابی دیگر خواتین کے لیے بھی ایک مثال ہے۔







