اکادمی ادبیات میں پروفیسر ڈاکٹر زیڈ اے قریشی کے دو سفرناموں کی تقریب رونمائی

اکادمی ادبیات پاکستان ، اسلام آباد میں پروفیسر ڈاکٹر زیڈ اے قریشی کے دو سفرناموں "سکون صبح و طلوع آفتاب کی سرزمین”(جنوبی کوریا اور جاپان)اور آسمان تلے بکھرے موتی” (ملائشیا ، سنگاپور ، تھائی لینڈ اور فلپائن)کی تقریب رونمائی ، "عالمی یوم کتاب” کے موقع پر منعقد ہوئی – تقریب میں ادیبوں ، شاعروں ، دانشوروں ، افسانہ نگاروں ، ناقدین ، محققین ، صحافیوں اور خواتین و حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی – معروف شاعر ، افتخار عارف نے تقریب کی صدارت کی – تقریب کے آغاز میں ، نعیم قریشی نے دونوں سفرناموں کے چیدہ چیدہ اہم امور اور سفرنامہ نگار ، پروفیسر ڈاکٹر زیڈ اے قریشی کی ادبی ، علمی اور صحافیانہ زندگی کے اہم اور روشن پہلوئوں پر اظہار خیال کیا-

ڈائریکٹر جنرل ، ڈیپارٹمنٹ آف لائبریریز ، محمد ارشد شیخ نے اس موقع پر ملک اور بالخصوص اسلام آباد میں ، لائبریریوں کے جال بچھانے کی ادارے کی کوششوں پر اظہار خیال کیا – اس موقع پر مصنف نے سفرناموں کے سیاق و سباق اور ان سفرناموں کے پس منظر سے سامعین کو آگاہی دلائی – اکادمی ادبیات پاکستان کی صدر نشین ، محترمہ ڈاکٹر نجیبہ عارف نے اپنے ادارے کے منفرد پروگراموں اور مصنف کی پاکستان ٹیلی ویژن سے وابستگی کے حوالے سے اظہار خیال کیا – انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن نیوز کے ابتدائی ایام میں ، زنان کے بہترین تلفظ کا ذکر کیا – انہوں نے ڈاکٹر زیڈ اے قریشی کو سفرنامے تحریر کرنے پر مبارکباد دی – اکادمی کی صدر نشین نے ادارے کی لائبریری کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں ، ڈیپارٹمنٹ آف لائبریریز سے تعاون کی استدعا کی اور دونوں اداروں کے درمیان باضابطہ مفاہمتی معاہدے کی ضرورت پر زور دیا – معروف ادیب احسان اکبر نے ،”آسمان تلے بکھرے موتی” کے سفرنامے پر اپنے کلیدی مقالے میں ملائشیا ، سنگاپور ، تھائی لینڈ اور فلپائن کی تحریر میں ، مصنف کے اچھوتے انداز بیان اور دلچسپ باتوں کا ذکر کیا-

معروف افسانہ نگار ، حمید شاہد نے مختلف سفرناموں کی تاریخ بیان کی اور ڈاکٹر زیڈ اے قریشی کے سفرنامے کو ایک اعلی معیار کی علمی و ادبی کوشش قرار دیا ،سفرنامہ نگار اور مصنف ، آفتاب بانو نے ، ڈاکٹر زیڈ اے قریشی سے اپنی الیکٹرانک میڈیا کی وابستگی کا ذکر کیا – انہوں نے سفرنامہ نگار کے مختلف ممالک کی اپم دلچسپ معلومات اور سادہ طرز تحریر کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سفر نامہ ایک عام قاری کے لئے ، اس کی زبان اور فہم کو مد نظر رکھ کر تحریر کیا گیا ہے – لاہور سے آئے ہوئے مقرر ، سعید انجم کھوکھر نے ڈاکٹر زیڈ اے قریشی سے اپنی ذاتی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے ، ان کے دونوں سفرناموں کی عمدہ زبان ، دلچسپ معلومات ، ادبی فن اور سادہ انداز تحریر کو سراہا – افتخار عارف نے اپنے صدارتی خطبے میں ، ڈاکٹر زیڈ اے قریشی سے پاکستان ٹیلی ویژن اور نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز ، اسلام آباد میں اپنی وابستگی کا اظہار کیا اور ان کے سفرناموں میں ادبی و علمی اور صحافیانہ انداز بیان کو سراہا- انہوں خواہش کا اظہار کیا کہ مصنف ، پاکستان ٹیلی ویژن نیوز سے اپنی چار دہائیوں پر مشتمل صحافیانہ تجربات پر مبنی کتاب تحریر کریں گے –

مصنف نے سامعین کو آگاہ کیا کہ ان کی اگلی کتاب EYE WITNESS to UNTOLD STORIES میں محیر العقول اور ناقابل یقین واقعات تحریر کئے گئے ہیں مثلا” جنرل پرویز مشرف جو سری لنکا سے کراچی آمد کے وقت طیارے میں ہوا میں موجود تھے تو زمین پر ، پاکستان ٹیلی ویژن نیوز کے احاطے میں ا نگریزی نیوز بلیٹن کے دوران ، کیسے طاقت کا توازن پندرہ منٹوں کے دورانیے میں ایک ہاتھ سے دوسرے ہاتھ دو مرتبہ منتقل ہوا جس کے وہ چشم دید گواہ ہیں – اس موقع پر ڈیپارٹمنٹ آف لائبریریز کے ڈائریکٹر جنرل ، جناب محمد ارشد شیخ نے مصنف کو انکی خدمات کے اعتراف میں شیلڈ پیش کی – زیڈ اے قریشی کا جنوبی کوریا اور جاپان کا سفرنامہ "سکون صبح و طلوع آفتاب کی سرزمین”روزنامہ "کسوٹی” پشاور کے امجد عزیز ملک کو اور ملائشیا ، سنگاپور ، تھائی لینڈ اور فلپائن کا سفرنامہ ناز پروین ، ڈائریکٹر چائنا ونڈو پشاور کو پیش کیا گیا – چائنا ونڈو کے زیر اہتمام ان دونوں سفرناموں کی تقریب رونمائی 16مئی کو پشاور میں منعقد ہو گی – آخر میں کتابوں کے ناشر ، شاہد اعوان نے شرکا کا شکریہ ادا کیا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed