نئی دہلی: بھارت کی ریاست آندھرا پردیش میں سولر پینل سے منسلک بیٹری پھٹنے کے باعث جھونپڑی میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں پانچ سالہ بچہ ہلاک ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ضلع نندیال میں پیش آیا، جہاں بیٹری میں دھماکے کے بعد جھونپڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔
رپورٹس کے مطابق جاں بحق بچے کی شناخت دھرم تیجا کے نام سے ہوئی ہے، جو ایک مزدور کا بیٹا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ آگ لگنے کے وقت بچہ جھونپڑی کے اندر اکیلا سو رہا تھا، جبکہ اس کی والدہ گھر کے کپڑے دھونے میں مصروف تھی۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ جھونپڑی کی گھاس پھوس سے بنی چھت پر سولر پینل نصب تھا، جس سے منسلک بیٹری میں دھماکے کے باعث آگ لگی۔
واقعے میں پانچ سالہ دھرم تیجا جان کی بازی ہار گیا۔







