اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) کے نظام کو مضبوط بنانے اور پائیدار ترقیاتی منصوبوں کی تیاری میں معاونت کیلئے 25 کروڑ ڈالر کے پالیسی بیسڈ قرض کی منظوری دے دی۔
اے ڈی بی کے مطابق اس پروگرام کا مقصد نجی سرمایہ کاری کو راغب کرنا، بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو سرمایہ کاری کیلئے تیار کرنا اور ملکی اقتصادی ترقی میں معاونت فراہم کرنا ہے۔
مالی معاونت کے ذریعے حکومت پاکستان کو معیاری اور کم لاگت بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی تیاری، منصوبوں کی جامع جانچ پڑتال اور مالیاتی خطرات کے مؤثر انتظام میں مدد فراہم کی جائے گی۔
پاکستان میں اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے کہا کہ منصوبوں کی جامع جانچ پڑتال، شفاف معلومات کی فراہمی اور مالیاتی خطرات کا مؤثر انتظام پی پی پی منصوبوں کو پائیدار بنیادی ڈھانچے کی سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے کیلئے ضروری ہیں۔
ان کے مطابق یہ پروگرام عوامی سرمایہ کاری اور مالیاتی انتظام کو بہتر بنانے، بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں معاونت اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے نجی شعبے کی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے اے ڈی بی کے عزم کا حصہ ہے۔
پروموٹنگ سسٹین ایبل پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپس پروگرام کا دوسرا مرحلہ 2024 میں منظور کیے گئے پہلے مرحلے کا تسلسل ہے، جس کے تحت پاکستان میں پی پی پی کے قانونی اور پالیسی فریم ورک کو مضبوط بنانے پر کام کیا گیا تھا۔
دوسرے مرحلے میں وفاقی سطح پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور نجکاری کے معاملات کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم کے تحت لانے کیلئے اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ چار وفاقی وزارتوں اور اداروں میں خصوصی پی پی پی یونٹس قائم کرنے اور پی پی پی منصوبوں سے متعلق مالیاتی واجبات کی نگرانی و معلومات کی فراہمی کیلئے قومی فریم ورک کی معاونت بھی شامل ہے۔
اے ڈی بی کے تعاون سے حکومت پاکستان نے 2026 سے 2030 تک کیلئے درمیانی مدت کے پی پی پی منصوبوں کی فہرست بھی منظور کرلی ہے۔
پروگرام کے تحت نیشنل پی پی پی اینڈ انویسٹمنٹ نالج ہب وفاقی اداروں کو تربیت اور ضروری وسائل فراہم کرے گا، جبکہ صوبائی حکومتیں بھی اس کے علمی وسائل اور تجربات کے تبادلے سے فائدہ اٹھا سکیں گی۔
اس پروگرام میں پی پی پی منصوبوں کی منصوبہ بندی، خریداری کے عمل میں شمولیت اور موسمیاتی سمیت دیگر خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر بنانے پر بھی توجہ دی گئی ہے۔
اے ڈی بی کے ٹیکنیکل اسسٹنس اسپیشل فنڈ سے اس پروگرام کیلئے 11 لاکھ ڈالر جبکہ ایشیا پیسیفک پراجیکٹ پریپریشن فیسلٹی سے 9 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی تکنیکی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
اس معاونت کے ذریعے وفاقی سطح پر پی پی پی منصوبوں کی تیاری، ادارہ جاتی استعداد میں اضافے، پیشہ ورانہ سرٹیفکیشن، تجربات کے تبادلے اور مالیاتی خطرات کے جائزے کے آلات کی تیاری میں مدد فراہم کی گئی ہے۔







