سعید غنی کا ایم کیو ایم سے 29 نومبر کا جلسہ تبدیل کرنے کا مطالبہ

 

کراچی: صوبائی وزیر محنت سعید غنی نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) سے 29 نومبر کو ہونے والے جلسے کی تاریخ یا مقام تبدیل کرنے کی درخواست کردی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت کو پُرامن جلسے کرنے کا حق حاصل ہے اور پیپلز پارٹی کسی کو سیاسی سرگرمیوں سے روکنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔

انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی نے اس معاملے پر ایک کمیٹی تشکیل دی ہے، جس نے ایم کیو ایم سمیت قوم پرست جماعتوں سے رابطے بھی کیے ہیں۔

صوبائی وزیر کے مطابق 29 نومبر کو ہونے والے جلسوں کے حوالے سے صورت حال سازگار نہیں ہے، کیونکہ سب سے پہلے قادر مگسی نے اس تاریخ کو جلسے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد ایم کیو ایم نے بھی اسی روز اجتماع کا اعلان کردیا۔

سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم کو اس معاملے میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا۔ اسی لیے پارٹی سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے جلسے کی تاریخ یا مقام تبدیل کرلے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پیپلز پارٹی کا یومِ تاسیس کا جلسہ 30 نومبر کو کراچی کے ریلوے گراؤنڈ محمود آباد میں منعقد ہوگا۔ کارکنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بڑے جلوسوں کے بجائے چھوٹے چھوٹے قافلوں کی صورت میں جلسہ گاہ پہنچیں۔

سعید غنی کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جلسے سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے قیام اور استحکام کیلئے پیپلز پارٹی نے قربانیاں دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو نے دہشت گردوں کو چیلنج کیا اور اپنی جان قربان کردی، جبکہ پیپلز پارٹی آج بھی اپنے نظریے پر قائم ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed