اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اپیلوں کی سماعت براہ راست نشر کرنے کی درخواست مسترد کردی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر نے درخواست پر سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ معاملہ ایڈمنسٹریشن کمیٹی کے سامنے ہے اور اس حوالے سے قواعد ابھی مرتب ہونا باقی ہیں۔
سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل نے استدعا کی کہ لائیو اسٹریمنگ سے متعلق قواعد کی تیاری تک اپیلوں کی سماعت ملتوی کردی جائے۔
اس پر چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کہا کہ وکیل عدالت کو یہ نہیں بتا سکتے کہ یہاں کیا ہونا چاہیے اور کیا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سماعت کھلی عدالت میں ہورہی ہے، اس لیے وکیل دلائل دینے سے کیوں ہچکچا رہے ہیں۔
دوران سماعت بیرسٹر سلمان صفدر نے اپنے دلائل میں کہا کہ مقدمے کے چھ ملزمان، جن میں شہزاد اکبر، فرحت شہزادی اور ذلفی بخاری بھی شامل ہیں، غیر حاضر رہے، تاہم عدالت نے صرف دو ملزمان کی حد تک کارروائی آگے بڑھائی۔
وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ رقم قومی خزانے کے بجائے چار سال تک سپریم کورٹ کے پاس موجود رہی اور سپریم کورٹ کی سرمایہ کاری کے نتیجے میں اس کی مالیت دوگنا ہوگئی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اس صورت حال میں قومی خزانے کو نقصان کہاں پہنچا؟
بیرسٹر سلمان صفدر نے مزید کہا کہ اس مقدمے کی کارروائی کے باعث قومی خزانے کو نقصان پہنچا اور اس پر مہنگے وسائل خرچ کرکے پراسیکیوشن کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب کے مقدمات میں عموماً الزام ہوتا ہے کہ رقم ملک سے باہر منتقل کردی گئی، جبکہ اس کیس میں رقم ملک میں واپس آرہی تھی۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں کی سماعت کی لائیو اسٹریمنگ سے متعلق درخواست مسترد کردی۔







