سڈنی: آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر عثمان خواجہ نے 2018 کے مشہور بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق نئے انکشافات کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس دور میں پاکستان، بھارت اور جنوبی افریقا سمیت متعدد ٹیمیں گیند کی حالت خراب کرنے کے عمل میں ملوث تھیں۔
پوڈکاسٹ پروگرام ’دی گریڈ کرکٹر‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عثمان خواجہ نے کہا کہ 2018 میں عالمی کرکٹ میں بال ٹیمپرنگ کو بعض ٹیموں میں معمول کی بات سمجھا جاتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ سے قبل آسٹریلوی ٹیم میں بھی گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے معاملے پر کھلاڑی زیادہ حساس نہیں رہے تھے۔
عثمان خواجہ کے مطابق جب کیمرون بینکرافٹ سینڈ پیپر لے کر میدان میں جانے والے تھے تو انہوں نے انہیں ایسا کرنے سے نہیں روکا بلکہ صرف احتیاط برتنے کا مشورہ دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ بارش کے دوران گیند کا غیر معمولی طور پر سوئنگ ہونا امپائرز کی توجہ حاصل کرسکتا تھا، اسی لیے اس معاملے میں احتیاط ضروری تھی۔
خواجہ نے اپنی کتاب ’صبر‘ کا حوالہ دیتے ہوئے جنوبی افریقی کھلاڑیوں پر بھی بال ٹیمپرنگ میں ملوث ہونے کا دعویٰ کیا۔ انہوں نے جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر کگیسو ربادا کی ریورس سوئنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف بیٹنگ کرنا انتہائی مشکل ہوتا تھا۔
سابق آسٹریلوی کرکٹر نے مزید دعویٰ کیا کہ پاکستان اور بھارت کے خلاف میچز کے دوران بھی انہوں نے گیند کو ریورس سوئنگ کرانے کے لیے اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ ہوتے دیکھی تھی۔ تاہم انہوں نے اپنے ان الزامات کے حق میں کوئی ٹھوس تفصیلات پیش نہیں کیں۔
عثمان خواجہ کے مطابق اس دور میں استعمال ہونے والی پرانی کوکابورا گیندوں پر ایک ہی تہہ ہوتی تھی، جس کے باعث وہ جلد خراب ہوجاتی تھیں اور ان سے ریورس سوئنگ حاصل کرنا نسبتاً آسان تھا۔
واضح رہے کہ 2018 کے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں آسٹریلوی ٹیم کا بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سامنے آنے کے بعد اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو سزاؤں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔







