سابق بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ نے پاک بھارت کرکٹ میچز کے دوران کھلاڑیوں کے نامناسب رویے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔
ہربھجن سنگھ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ معاملات اب حد سے زیادہ بڑھ چکے ہیں اور دو روز قبل پیش آنے والا واقعہ کسی صورت قابل قبول نہیں تھا۔ ان کے مطابق آئی سی سی اور پاکستان و بھارت کے کرکٹ بورڈز کو آگے بڑھ کر کھلاڑیوں کو اس طرز عمل سے روکنا چاہیے۔
سابق بھارتی اسپنر کا کہنا تھا کہ کرکٹ میچز کے دوران کھلاڑیوں کے درمیان معمولی نوک جھونک ہوتی رہتی ہے اور یہ کھیل کا حصہ بھی ہے، تاہم بات اس حد تک نہیں بڑھنی چاہیے کہ بعد میں اپنے رویے پر شرمندگی محسوس ہو۔
انہوں نے بھارتی فاسٹ بولر ہرشت رانا کے طرز عمل پر بھی تنقید کی اور کہا کہ انہوں نے درست رویہ اختیار نہیں کیا۔ اس طرح کے اقدامات سے نوجوان نسل کے لیے کوئی اچھی مثال قائم نہیں ہوتی۔
ہربھجن سنگھ نے مزید کہا کہ کھیل کو کھیل کے جذبے کے ساتھ لینا چاہیے۔ کھلاڑیوں کو میدان میں کامیابی کے لیے بھرپور کوشش کرنی چاہیے، لیکن میچ ختم ہونے کے بعد دونوں جانب کے کھلاڑیوں کو اس قسم کے ردعمل سے گریز کرنا چاہیے۔







