سینیگال افریقن کپ 2025 کا دوبارہ چیمپئن بن گیا

کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت (سی اے ایس) نے افریقن کپ آف نیشنز 2025 کے فائنل سے متعلق فیصلہ سناتے ہوئے سینیگال کی چیمپئن شپ بحال کردی ہے، جس کے بعد مراکش سے ٹائٹل واپس لے لیا گیا ہے۔

سی اے ایس نے سینیگال فٹبال فیڈریشن کی اپیل متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے افریقی فٹبال کنفیڈریشن (سی اے ایف) کے اپیل بورڈ کا سابقہ فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور ڈسپلنری بورڈ کا فیصلہ بحال کردیا۔ اس طرح فائنل میں سینیگال کی 0-1 سے کامیابی برقرار ہوگئی ہے۔ Confédération Africaine de Football

جنوری 2026 میں مراکش کے دارالحکومت رباط میں کھیلے گئے فائنل میں سینیگال نے اضافی وقت میں پاپ گیے کے فیصلہ کن گول کی بدولت میزبان ٹیم کو شکست دی تھی۔

تاہم میچ کے آخری لمحات میں مراکش کو پنالٹی ملنے پر سینیگال کے کھلاڑی احتجاجاً میدان سے باہر چلے گئے تھے۔ بعد ازاں کھلاڑی واپس آئے اور مقابلہ دوبارہ شروع ہوا، تاہم مراکشی کھلاڑی براہیم ڈیاز پنالٹی پر گول کرنے میں ناکام رہے۔

اضافی وقت میں پاپ گیے نے گول کرکے سینیگال کو 0-1 سے کامیابی دلائی اور ٹیم چیمپئن قرار پائی۔

تاہم تقریباً دو ماہ بعد افریقی فٹبال کنفیڈریشن کے اپیل بورڈ نے سینیگال کو قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے فائنل میں 3-0 سے مراکش کی کامیابی کا فیصلہ سنایا اور اسے چیمپئن قرار دے دیا تھا۔

سینیگال فٹبال فیڈریشن نے اس فیصلے کو کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں چیلنج کیا تھا، جہاں تین رکنی پینل نے متفقہ طور پر سینیگال کے حق میں فیصلہ سنایا۔

عدالت کے مطابق ریفری کی جانب سے میچ دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ ان کے اختیارات کے تحت تھا، کیونکہ مقابلہ مستقل طور پر ختم نہیں کیا گیا تھا اور دونوں ٹیمیں میدان میں واپس آکر کھیل جاری رکھنے پر آمادہ تھیں۔ TAS/CAS
سینیگال کا فیصلے کا خیرمقدم، مراکش کا ردعمل
سینیگال فٹبال فیڈریشن نے کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے اپنی کامیابی قرار دیا ہے۔

دوسری جانب مراکش فٹبال فیڈریشن نے فیصلے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے چیلنج کرنے کے لیے مزید قانونی راستے اختیار کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

افریقی فٹبال کنفیڈریشن نے بھی فیصلے کا احترام کرتے ہوئے اس پر عمل درآمد کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی تصدیق کردی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed