اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی خلاباز ذیشان علی کی چین کے شینزو-24 مشن کے ذریعے تیانگونگ خلائی اسٹیشن سے خلائی سفر پر روانگی کے موقع پر قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے خصوصی بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ آج پاکستان نے ستاروں سے آگے کا سفر شروع کر دیا ہے اور یہ محض ایک فرد کا نہیں بلکہ 24 کروڑ پاکستانیوں، ہماری نوجوان نسل، سائنسدانوں اور قومی خوابوں کا سفر ہے۔
وزیراعظم نے خلابازوں ذیشان علی اور خرم داؤد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں نے چین میں بے مثال محنت، نظم و ضبط اور لگن کے ساتھ اپنی تربیت مکمل کی۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ پاکستان، چین کے بعد تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر جانے والا دنیا کا پہلا ملک بنے گا، جو پاک چین آہنی دوستی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے پاکستان کو اس تاریخی مشن میں شامل کرنے پر برادر ملک چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک زمین پر امن و ترقی کے ساتھ اب خلائی سفر میں بھی ہم قدم ہیں۔
شہباز شریف نے سپارکو، جامعات اور سائنسدانوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جن کے تیار کردہ سائنسی تجربات اس مشن کا حصہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان، قومی اداروں، سائنسدانوں اور نوجوانوں کی مشترکہ کاوشوں سے ملک خلائی تحقیق اور جدید سائنس کے میدان میں نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔
نوجوانوں کو حوصلہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اگر آج ایک پاکستانی خلائی اسٹیشن تک پہنچ سکتا ہے تو کل چاند تک بھی پہنچے گا، اس لیے نوجوان خواب دیکھنا نہ چھوڑیں اور محنت جاری رکھیں کیونکہ ہماری منزل ستاروں سے آگے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی شاعر علامہ محمد اقبال نے برسوں قبل نوجوانوں کو ستاروں سے آگے جانے اور کائنات کے راز دریافت کرنے کا پیغام دیا تھا، جو آج پورا ہو رہا ہے۔ وزیراعظم کے مطابق حکومت سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کو اولین ترجیح دیتی ہے اور یہ مشن ایک ایسے پاکستان کی جانب اہم قدم ہے جہاں نوجوان دنیا کی رہنمائی کریں گے۔







