نیویارک: امریکا میں ایک غیر معروف گیمر کی قسمت اس وقت پلٹ گئی جب اسے معروف ویڈیو گیم ’جی ٹی اے 6‘ کھیلنے کے لیے سالانہ ایک لاکھ ڈالر سے زائد معاوضے پر ملازمت مل گئی۔
خبر رساں ادارے بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق امریکی کمپنی کالشی نے اس منفرد عہدے کے لیے درخواست دینے والے 35 ہزار سے زائد امیدواروں میں سے کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے 36 سالہ گیمر کلف سیویج کو منتخب کیا ہے۔
حیران کن امر یہ ہے کہ جس وقت کلف کو اس ملازمت پر تقرری کی اطلاع دی گئی، اس لمحے ان کی لائیو اسٹریم کو محض 28 افراد دیکھ رہے تھے۔ نوکری ملنے کی خوشخبری سنتے ہی وہ خوشی اور جذبات کی شدت سے زمین پر گر پڑے۔ اس بڑی کامیابی سے قبل کلف ویڈیو گیمز کی لائیو اسٹریمنگ کے ساتھ ساتھ گزر بسر کے لیے مختلف عارضی ملازمتیں بھی کرتے تھے۔
اپنی نئی ملازمت کے تحت کلف سیویج ’جی ٹی اے 6‘ کھیلیں گے، گیم کی مرکزی کہانی مکمل کریں گے اور اس کی ورچوئل معیشت کے حوالے سے تحقیقی رپورٹس مرتب کریں گے۔ اس نوکری کے اعلان کے بعد ان کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں ان کی پہلی لائیو اسٹریم کو تقریباً دو ہزار ویوز ملے جبکہ ان کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد بھی بڑھ کر تقریباً 21 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔







