خیبر پختونخوا انفارمیشن کمیشن کے زیرِ اہتمام پشاور یونیورسٹی کے شعبہ جرنلزم اینڈ ماس کمیونیکیشن میں حقِ معلومات (RTI) قانون سے متعلق ایک اہم آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیشن میں انفارمیشن کمشنر ارشد احمد، شعبہ صحافت کی چیئرپرسن ڈاکٹر مہناز گل، ڈائریکٹر کمیونیکیشن سید سعادت جہان، فیکلٹی ممبران اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سیشن کا بنیادی مقصد طلبہ بالخصوص مستقبل کے صحافیوں کو سرکاری معلومات تک رسائی کے قانونی حقوق اور شفافیت سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔سیشن کے دوران ڈائریکٹر کمیونیکیشن سید سعادت جہان نے خیبر پختونخوا رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ قانون تحقیقاتی صحافت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے اور ہر شہری کو سرکاری اداروں سے معلومات حاصل کر کے انہیں جوابدہ بنانے کا حق دیتا ہے۔ انفارمیشن کمشنر ارشد احمد نے طلبہ کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے واضح کیا کہ اگر کوئی سرکاری ادارہ معلومات کی فراہمی میں ناکام رہے تو کمیشن کی ویب سائٹ یا موبائل ایپ کے ذریعے فوری شکایت درج کرائی جا سکتی ہے۔ اختتام پر چیئرپرسن ڈاکٹر مہناز گل نے انفارمیشن کمیشن کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے آگاہی سیشنز ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دینے میں انتہائی معاون ثابت ہوتے ہیں۔







