اوساکا: جنوبی کوریا کے عالمی شہرت یافتہ میوزک بینڈ بی ٹی ایس نے ایک بار پھر بین الاقوامی موسیقی کے افق پر اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے ماما ایوارڈز 2026 میں مجموعی طور پر پانچ اعزازات حاصل کر لیے ہیں۔
کورین میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان کے شہر اوساکا میں 20 اور 21 نومبر کو منعقد ہونے والی دو روزہ شاندار تقریب میں بی ٹی ایس کی کامیابیوں کا سلسلہ نمایاں رہا، جہاں بینڈ نے سال کے بہترین فنکار اور بہترین البم جیسے بڑے اعزازات جیتے۔
تفصیلات کے مطابق بی ٹی ایس کو ان کے البم ’آریرنگ‘ کے لیے سال کے بہترین البم کا ایوارڈ دیا گیا، جبکہ بینڈ کے مقبول گانے ’سوئم‘ نے بیسٹ سانگ ٹاپ 10 کی فہرست میں جگہ بنائی۔
اس کے علاوہ جنوبی کورین بینڈ نے بہترین مرد میوزک گروپ اور فینز چوائس میل ٹاپ 10 کے اعزازات بھی اپنے نام کیے۔ ایک ہی تقریب میں پانچ بڑے ایوارڈز کا حصول بی ٹی ایس کی عالمی مقبولیت اور دنیا بھر میں موجود مداحوں کی غیر متزلزل حمایت کا مظہر ہے۔






