پشاور بڈابیر میں سی ٹی ڈی کا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشتگرد ہلاک، کلاشنکوف اور دستی بم برآمد

پشاور میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پشاور ریجن نے تھانہ بڈابیر کی حدود جانے خوڑ میرہ باچا خیل میں ایک بڑا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے، جبکہ کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا کمانڈر تاج محمد عرف شینے اپنے دو سے تین ساتھیوں سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

سی ٹی ڈی ترجمان کی جانب سے منگل 24 نومبر 2026 کو جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ادارے کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کا کمانڈر تاج محمد عرف شینے ولد الماس، ساکن تیراہ ضلع خیبر، اپنے دیگر مسلح ساتھیوں کے ہمراہ بڈابیر کے علاقے جانے خوڑ میرہ باچا خیل میں موجود ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

اطلاع ملتے ہی سی ٹی ڈی کی سوات (SWAT) ٹیمیں جدید اسلحہ سے لیس ہو کر فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے حکمتِ عملی کے تحت علاقے کا محاصرہ کیا۔ سیکیورٹی اہلکاروں کو دیکھتے ہی دہشتگردوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس پر سی ٹی ڈی جوانوں نے اپنی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے مؤثر جوابی کارروائی کی۔

حکام کے مطابق دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ تقریباً 20 سے 25 منٹ تک جاری رہا۔ فائرنگ رکنے کے بعد علاقے میں کیے گئے سرچ آپریشن کے دوران 5 دہشتگرد ہلاک پائے گئے، جن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ کارروائی کے دوران ٹی ٹی پی کمانڈر تاج محمد عرف شینے اپنے دو سے تین ساتھیوں سمیت موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے 3 عدد کلاشنکوف، 2 عدد پستول، ایک دستی بم، 6 میگزین اور متعدد کارتوس برآمد کر لیے گئے ہیں۔ واقعے کے بعد پولیس اور سی ٹی ڈی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے اور فرار ہونے والے دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا نے ملک دشمن عناصر کے خلاف اس کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ صوبے سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک مؤثر کارروائیاں بلاامتیاز جاری رکھی جائیں گی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed