واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ معروف چپ ساز کمپنی اینوڈیا میں جینسن ہوانگ کی واپسی کا معاہدہ انہوں نے خود کروایا ہے۔ امریکی صدر کے مطابق انہوں نے اینوڈیا کے بورڈ کو قائل کیا اور انہیں اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ جینسن ہوانگ امریکی قومی سلامتی کے لیے کسی قسم کا خطرہ نہیں ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ اتوار کے روز جینسن ہوانگ سے ان کی ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی ہے اور ہوانگ بخوبی جانتے ہیں کہ انہیں کیا اقدامات کرنے ہیں اور کن باتوں سے گریز کرنا ہے۔ امریکی صدر نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اگر جینسن ہوانگ چین منتقل ہو جاتے تو یہ ایک بڑا خطرہ ثابت ہوتا، کیونکہ چین انہیں منہ مانگی مراعات دینے کے لیے تیار تھا اور چینی صدر نے بھی انہیں اس شعبے کی ذہین ترین شخصیت قرار دیا ہے۔
صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ جدید چپس کی تکنیکی پیچیدگیوں کو جینسن ہوانگ جیسا ماہر شخص ہی سمجھ سکتا ہے اور چین سمیت کسی بھی ملک کے لیے ان جدید چپس کی نقل تیار کرنا ممکن نہیں ہے۔ دوسری جانب امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے اینوڈیا کے بورڈ کو آگاہ کیا تھا کہ جینسن ہوانگ کی جانب سے قومی سلامتی کے قوانین کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ امریکی ٹیکنالوجی کمپنی اینوڈیا نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ جینسن ہوانگ کو فوری طور پر چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے عہدے پر دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ غیر معمولی فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دباؤ کے نتیجے میں سامنے آیا ہے، جبکہ اس سے قبل جینسن ہوانگ کے مبینہ چینی جاسوس سمیت دیگر خواتین کے ساتھ تعلقات سے متعلق انکشافات منظر عام پر آئے تھے۔







