پاکستان میں ریفرنڈم کی تاریخ بھیانک رہی، سندھ کا فیصلہ عوام کریں گے: گورنر پنجاب

اسلام آباد: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیان کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں ریفرنڈم کی تاریخ انتہائی بھیانک رہی ہے اور سندھ کے مستقبل کا فیصلہ کسی اور کے بجائے خود وہاں کے عوام کریں گے۔

پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن (کورٹ رپورٹرز) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ سندھ کے عوام ہمیشہ سے "مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں” کا نعرہ لگاتے آئے ہیں، اس لیے جو بھی قدم اٹھایا جائے وہ مکمل اتفاق رائے سے ہونا چاہیے۔

ملکی سیاسی صورتحال اور گورنر راج کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر خان نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ اصولی طور پر گورنر راج کے حامی نہیں ہیں، تاہم موجودہ حالات کے پیش نظر یہ ناگزیر ہو گیا تھا۔ ان کے بقول پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 80 فیصد غلطیوں کے باعث ایمرجنسی کا نفاذ عمل میں آیا، تاہم اب اس معاملے کو بحث کے لیے پارلیمان میں لے جانا ایک مثبت پیش رفت ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے گورنر پارٹی قیادت کی ہدایت ملتے ہی اپنا عہدہ چھوڑ کر ڈیرہ اسماعیل خان چلے جائیں گے۔ کسی صوبے کے وزیراعلیٰ کی قید کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ صورتحال جمہوری روایات کے منافی ضرور ہے، لیکن بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بھی اپنے دورِ اقتدار میں یہی طرزِ عمل اپنایا اور امریکا میں کھڑے ہو کر مخالفین سے جیل کی سہولیات اور اے سی واپس لینے کے بیانات دیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جو خود اپنا راستہ نہ بنانا چاہتا ہو اس کے لیے کوئی کچھ نہیں کر سکتا۔

پنجاب اور سندھ کی کارکردگی کا موازنہ کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے دعویٰ کیا کہ ایک منظم بیانیے کے تحت پنجاب میں پیپلز پارٹی کو دیوار سے لگایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کا نظامِ صحت پنجاب کے مقابلے میں بہتر ہے جہاں دل، جگر اور گردے کی پیوند کاری محض دس روپے کی پرچی پر مفت کی جاتی ہے، جبکہ ایمرجنسی سروسز کے تحت صوبے کے دور دراز علاقوں سے بھی مریضوں کو ایک سے ڈیڑھ گھنٹے میں مرکزی اسپتال منتقل کر دیا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے ایک سرکاری اسکول کو بہترین تعلیمی ادارے کا اعزاز بھی مل چکا ہے۔ سردار سلیم حیدر خان کے مطابق صحافیوں کے ذریعے یہ تاثر پھیلایا گیا کہ سندھ تباہ و برباد ہو چکا ہے، لیکن جب انہوں نے خود سندھ کا دورہ کیا تو وہاں کی سڑکوں، تعلیمی اداروں اور صحت کے مراکز کا معیار دیکھ کر اصل صورتحال کا علم ہوا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed