اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا کیونکہ سوشل میڈیا پر غلط معلومات کی تشہیر نہایت خطرناک رجحان ہے جس سے معاشرے میں انتشار پیدا ہوتا ہے۔
ادارہ برائے پائیدار ترقیاتی پالیسی (ایس ڈی پی آئی) کے زیرِ اہتمام منعقدہ بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ دہشت گردی اور نفرت انگیز تقاریر سمیت حکومت کی چار ریڈ لائنز مقرر ہیں اور سوشل میڈیا پر جھوٹے بیانیے کا فروغ ہر صورت روکا جائے گا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بے پناہ قربانیاں پیش کی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ دور میں گمراہ کن معلومات اور ڈیپ فیکس جیسے چیلنجز سے نمٹنا ناگزیر ہو چکا ہے، جس کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بھی جوابدہ بنانا ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل جرائم کے انسداد کے لیے محدود وسائل کے باوجود بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں، جس کے تحت ’سوشل میڈیا پروٹیکشن ریگولیٹری اتھارٹی‘ قائم کی جا چکی ہے اور جعلی خبریں پھیلانے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملکی سلامتی اور معاشرتی ہم آہنگی کے تحفظ کے لیے ڈیجیٹل میڈیا کو محفوظ بنانا ضروری ہے اور ریاستی اداروں و عوام کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔







