میٹا کے چیف اے آئی آفیسر الیگزینڈر وانگ نے پیشگوئی کی ہے کہ انسانی ذہانت سے کئی گنا زیادہ صلاحیت رکھنے والی سپر انٹیلی جنس ٹیکنالوجی 2027 میں سامنے آسکتی ہے، جو انسانیت کے مستقبل اور طرز زندگی میں بڑی تبدیلیوں کا سبب بن سکتی ہے۔
الیگزینڈر وانگ کے مطابق مصنوعی ذہانت کی ترقی کا اگلا مرحلہ سپر انٹیلی جنس ہے اور 2027 اس حوالے سے ایک اہم سال ثابت ہوسکتا ہے۔
سپر انٹیلی جنس سے مراد ایسی مصنوعی ذہانت ہے جو مختلف شعبوں میں انسانی ذہانت سے کہیں زیادہ صلاحیت رکھتی ہو۔ اس میں تخلیقی سوچ، عمومی معلومات، مسائل حل کرنے کی مہارت اور سماجی معاملات کو سمجھنے کی صلاحیت شامل ہے۔ یہ ٹیکنالوجی دنیا کے ذہین ترین انسانوں کی مجموعی ذہنی صلاحیت سے بھی آگے جاسکتی ہے۔
الیگزینڈر وانگ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ آئندہ ایک سال کے دوران کیے جانے والے فیصلے اس بات کا تعین کریں گے کہ مستقبل میں دنیا کیسی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ 2027 میں مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں میں نمایاں تبدیلی متوقع ہے، جس کے نتیجے میں انسانوں کے کام کرنے اور زندگی گزارنے کے انداز میں بھی بڑی تبدیلی آسکتی ہے۔
میٹا کے اے آئی سربراہ نے خبردار کیا کہ اگر مصنوعی ذہانت کے نظام مؤثر انسانی نگرانی کے بغیر خود کو مسلسل بہتر بناتے رہے تو مستقبل میں ان پر انسانی کنٹرول برقرار رکھنا مشکل ہوسکتا ہے۔
انہوں نے ٹیکنالوجی کمپنیوں پر زور دیا کہ مصنوعی ذہانت کی ترقی کے ساتھ اس کی حفاظت اور سیکیورٹی کو بھی اولین ترجیح دی جائے۔
الیگزینڈر وانگ کے مطابق معاشرے اور اہم فیصلوں کا اختیار مصنوعی ذہانت کے حوالے نہیں کرنا چاہیے، بلکہ ایسی ٹیکنالوجی تیار کرنے کی ضرورت ہے جو انسانوں کے لیے مزید مواقع پیدا کرے اور انہیں زیادہ اختیار فراہم کرے۔
انہوں نے کہا کہ سپر انٹیلی جنس کی آمد یقینی ہے، تاہم اصل چیلنج اس ٹیکنالوجی کو محفوظ بنانا ہے۔






