پیٹرول پمپ مالکان کا قیمتوں میں یومیہ تبدیلی ختم کرنے کا مطالبہ

لاہور: آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے حکومت سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی تبدیلی کا نظام ختم کرکے پرانا ماہانہ نظام دوبارہ نافذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان علی بٹ نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا کہ روزانہ قیمتیں تبدیل ہونے کے باعث ڈیلرز شدید مالی خسارے سے دوچار ہیں۔ ان کے مطابق پمپ مالکان ایک مقررہ نرخ پر ایندھن خریدتے ہیں، لیکن اگلے ہی روز قیمت کم ہونے کی صورت میں انہیں مہنگے داموں خریدا گیا اسٹاک سستے نرخوں پر فروخت کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نرخوں میں اس مسلسل ردوبدل نے خریداری، نئی سرمایہ کاری اور کاروباری منصوبہ بندی کو انتہائی مشکل بنا دیا ہے، جبکہ پیٹرول پمپس پر نرخوں کے حوالے سے صارفین کے ساتھ غیر ضروری الجھن اور تکرار بھی پیدا ہوتی ہے۔

نعمان علی بٹ کا کہنا تھا کہ ایسوسی ایشن سے وابستہ زیادہ تر افراد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار چلاتے ہیں جو عوام کو بنیادی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر موجودہ پالیسی برقرار رہی تو متعدد پیٹرول پمپس بند ہونے اور بیروزگاری بڑھنے کا خدشہ ہے۔

وائس چیئرمین نے مطالبہ کیا کہ مارکیٹ میں استحکام لانے اور کاروباری آسانی کے لیے ماہانہ قیمتوں کا نظام بحال کیا جائے۔ انہوں نے وزیراعظم اور متعلقہ حکام سے مسائل کے فوری حل کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن بات چیت کے لیے تیار ہے، تاہم مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں باہمی مشاورت سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed