پشاور: صوبائی دارالحکومت میں اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے پولیس نے "آپریشن سٹریٹ فائٹ” کے تحت بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو مبینہ خطرناک سنیچرز کو ہلاک اور ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پشاور پولیس کے مطابق یہ کارروائی تھانہ شہید گلفت حسین اور تھانہ سربند کی حدود میں عمل میں لائی گئی۔ مقابلے کے بعد ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور ایک مسروقہ موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ کارروائی میں مارے جانے والے ملزمان کی شناخت عبدالصمد ولد سجاد احمد، سکنہ افغانستان حال پنج کھٹہ، اور سعد اللہ ولد ایوب خان، سکنہ شاہین مسلم ٹاؤن کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے ملزم کی شناخت ابراہیم ولد رامبیل، سکنہ چینہ ڈاگ کے نام سے کی گئی ہے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق تینوں ملزمان متعدد سنگین وارداتوں اور مقدمات میں مطلوب تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران فرار ہونے والے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ پشاور پولیس حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔







