گوجرانوالہ: شہر کے علاقے جنڈیالہ باغوالہ سے بوری بند لاش برآمد ہونے کے واقعے کا معمہ حل ہو گیا ہے اور پولیس نے مقتول کے دو دوستوں کو قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
سی پی او گوجرانوالہ صہیب اشرف کے مطابق یہ اندوہناک واقعہ 10 نومبر کو پیش آیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ مقتول اسکریپ کے کاروبار سے وابستہ تھا جبکہ گرفتار کیے گئے دونوں ملزمان اس کے قریبی دوست ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول نے ملزمان کو رقم ادھار دے رکھی تھی اور جب اس نے اپنے پیسے واپس مانگے تو ملزمان نے اسے مبینہ طور پر زہر دے کر قتل کر دیا۔ واردات کے بعد ملزمان نے جرم پر پردہ ڈالنے کے لیے لاش کو بوری میں بند کیا اور ایک خالی پلاٹ میں پھینک کر فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد مقتول کے ورثاء کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، تاہم تفتیش کے دوران شواہد کی بنیاد پر دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔






