اسلام آباد: پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کے فروغ اور دونوں ممالک کے عدالتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے گئے۔
وفاقی دارالحکومت میں منعقدہ تقریب کے دوران چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی اور ترکیہ کی کورٹ آف کیسیشن کے صدر عمر کرکیز نے معاہدے پر دستخط کیے۔ تقریب میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔
اس موقع پر چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں اور یہ معاہدہ ان کے عدالتی نظام کو جدید بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت ضلعی عدلیہ کی تربیت کے حوالے سے بھی اہم پیشرفت ہے۔ اس کے ذریعے دونوں برادر ممالک کے درمیان عدالتی روابط اور تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔
چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنے عدالتی نظام میں اصلاحات متعارف کرائی ہیں، جبکہ ترکیہ مصنوعی ذہانت کے استعمال کے حوالے سے ایک مثالی ملک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاہدے کے تحت عدالتی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ ملے گا۔ ای کورٹس کے ذریعے عوام کی انصاف تک رسائی بہتر بنانے اور دونوں ممالک کے عدالتی تجربات سے استفادہ کرنے کے مواقع پیدا ہوں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کی کورٹ آف کیسیشن کے صدر عمر کرکیز نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جن کی بنیاد باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ اقدار پر ہے۔
انہوں نے پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔ عدالتی شعبے میں تجربات کا تبادلہ دونوں ملکوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔
عمر کرکیز نے کہا کہ قانون کی حکمرانی اور انصاف کی فراہمی کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے عدالتی نظام کو زیادہ مؤثر اور شفاف بنایا جاسکتا ہے۔







