پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری نے ایسٹر کا تہوار مذہبی جوش و خروش اور عقیدت کے ساتھ منایا ۔ اس موقع پر ملک بھر کے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا جن میں مسیحی برادری کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ،لاہور سمیت ملک بھر کے گر جا گھروں کے لئے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق ایسٹر مسیحیوں کا سب سے بڑا مذہبی تہوار ہے، جو حضرت عیسیٰ کے دوبارہ جی اٹھنے کی خوشی میں منایا جاتا ہے۔ یہ تہوار چالیس روزہ روزوں کے اختتام پر آتا ہے جنہیں روحانی تزکیہ اور عبادت کا خاص دور سمجھا جاتا ہے۔ ایسٹر کو عید پاشکا یا عید قیامت المسیح بھی کہا جاتا ہے۔اس دن کی مناسبت سے لاہور سمیت ملک بھر کے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کا انعقاد کیا گیا ، جہاں ملکی سلامتی، امن اور خوشحالی کے لیے بھی دعائیں کی گئیں جبکہ عبادات کے دوران محبت، رواداری اور بھائی چارے کا پیغام بھی اجاگر کیا گیا ۔سکیورٹی کے حوالے سے لاہور سمیت بڑے شہروں میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ۔ مسیحی عبادتگاہوں کے لیے خصوصی سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا جس کے تحت گرجا گھروں کے اندر اور باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔ عبادت کے لیے آنے والے افراد کو جامع تلاشی کے بعد داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔مزید برآں گرجا گھروں کی طرف آنے والے راستوں پر ناکے بھی قائم کیے گئے جبکہ پولیس اور ایلیٹ فورس کے کمانڈوز اطراف میں مسلسل گشت کرتے رہے ۔







