ریاض کی بلند ترین عمارت پر ایک ہفتے میں دوسری بار حملہ

ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی بلند ترین عمارت، جس میں ملک کے مالیاتی مرکز اور خودمختار سرمایہ کاری فنڈ (پی آئی ایف) کا مرکزی دفتر واقع ہے، ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں دوسری مرتبہ حملے کی زد میں آ گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے تین عینی شاہدین کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ منگل کے روز کسی نامعلوم سمت سے آنے والا ایک گولہ ریاض کے کاروباری اور مالیاتی ضلع میں واقع اس بلند و بالا عمارت سے جا ٹکرایا۔

یمن میں حوثیوں کے خلاف برسرپیکار سعودی قیادت والے فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے ایک بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے۔ تاہم سعودی حکام کی جانب سے ابھی تک اس حملے میں ہونے والے ممکنہ جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں لائی گئیں، اور نہ ہی کسی تنظیم نے اس کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 19 نومبر کو بھی ریاض کے اسی مالیاتی مرکز میں موجود پی آئی ایف ٹاور کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں ٹاور کی کئی منزلوں اور ملحقہ عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا۔

تقریباً 385 میٹر بلند یہ ٹاور سعودی عرب کی کلیدی مالیاتی تنصیبات میں شامل ہے اور یہ ولی عہد محمد بن سلمان کے معاشی اصلاحات و ترقی کے منصوبوں میں بنیادی کردار ادا کرنے والے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے ہیڈکوارٹر کے طور پر کام کرتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed