وزیراعظم کی گورنر خیبرپختونخوا کو دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تعاون کی یقین دہانی

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی ہے جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شریک تھے۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے صوبے میں پائیدار امن کے قیام، دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور صوبائی پولیس کی بہادرانہ قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے قلع قمع کے لیے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں وفاقی حکومت اپنا مکمل تعاون جاری رکھے گی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کی تعمیر و ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ صوبے کے عوام کو تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے سماجی ترقی کے اشاریوں میں بہتری کے ساتھ ساتھ صوبے میں کھیلوں کی سہولیات کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے پر بھی خصوصی توجہ دینے کی تلقین کی۔

ملاقات کے دوران گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم کو صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال بہتر بنانے کے لیے گورنر اور خیبرپختونخوا ایڈوائزری کونسل کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed