فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملائیشین وزیراعظم سے ملاقات، دفاعی تعاون پر اتفاق

راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان عسکری و دفاعی اشتراک کو مزید وسعت دینے کے لیے ملائیشیا کا سرکاری دورہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، دفاعی و سیکیورٹی شراکت داری اور خطے سمیت عالمی سطح پر بدلتی ہوئی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے مسلسل رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔

ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ روابط اور باہمی اعتماد کو سراہا۔ انہوں نے دفاع اور سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنوب مشرقی ایشیا میں امن و استحکام کے قیام کے لیے ملائیشیا کے مثبت کردار کی تعریف کی اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے مابین ادارہ جاتی روابط و دفاعی تعاون بڑھانے کے پاکستانی عزم کا اعادہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں اطراف سے اعلیٰ سطح کے باقاعدہ دوروں، عسکری تعاون میں اضافے اور علاقائی و عالمی سیکیورٹی امور پر مسلسل مشاورت کے ذریعے تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

قبل ازیں کوالالمپور میں ملائیشین وزارت دفاع آمد پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ملائیشیا کے چیف آف ڈیفنس فورس جنرل تان سری حاجی مالک رزاق سلیمان سمیت بری، شاہی بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان بھی موجود تھے۔

بعد ازاں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ملائیشیا کے وزیر دفاع محمد خالد بن نورالدین سے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی شراکت داری میں توسیع، افواج کے درمیان براہ راست روابط کی مضبوطی اور مشترکہ تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دورے کے شیڈول کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کا بھی دورہ کریں گے، جہاں منعقدہ خصوصی تقریب میں انہیں ادارے کے باوقار ہال آف فیم میں 21ویں رکن کی حیثیت سے شامل کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed