مولانا فضل الرحمان کی سکیورٹی واپس لینے کا جے یو آئی کا دعویٰ

(ویب ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت نے پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی تمام سکیورٹی واپس لے لی ہے، جس کے بعد پارٹی نے کارکنوں کو تیار رہنے کا پیغام جاری کردیا۔

جے یو آئی کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں ترجمان اسلم غوری نے دعویٰ کیا کہ مولانا فضل الرحمان کی ڈیرہ اسماعیل خان اور اسلام آباد میں واقع رہائش گاہوں سے سکیورٹی اہلکاروں کو ہٹانے کا حکم دیا گیا ہے۔

اسلم غوری نے سکیورٹی واپس لینے کے مبینہ فیصلے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اسے بدترین فسطائیت سے تعبیر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو واضح کرنا چاہیے کہ یہ اقدام کس کے حکم پر کیا گیا ہے۔

جے یو آئی ترجمان نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ مولانا اسعد محمود کی سکیورٹی بھی اچانک ختم کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور مولانا اسعد محمود کو ماضی میں درجنوں خودکش حملوں کا سامنا رہا ہے۔ ایک طرف سکیورٹی خطرات سے متعلق خطوط جاری کیے جاتے ہیں اور دوسری جانب سکیورٹی واپس لی جارہی ہے، حکومت کو وضاحت دینی چاہیے کہ اس اقدام کے ذریعے کیا پیغام دیا جارہا ہے۔

اسلم غوری نے خبردار کیا کہ اگر مولانا فضل الرحمان کو کسی قسم کا نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی پر عائد ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی سربراہ کی سلامتی کو نقصان پہنچنے کی صورت میں متعلقہ ذمہ داران کو جواب دہ ہونا پڑے گا۔

واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان پر 2007 سے اب تک کم از کم پانچ دہشت گرد حملے ہوچکے ہیں۔ 30 اور 31 مارچ 2011 کو بھی ان پر دو حملے کیے گئے تھے، جن میں مجموعی طور پر 12 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed