ریاض میں حوثیوں کا حملہ، پی آئی ایف ٹاور متاثر

یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے، تازہ کارروائی میں سعودی دارالحکومت ریاض کے مالیاتی ضلع میں واقع پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) کی عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق معاملے سے واقف تین افراد نے بتایا کہ ریاض کے مالیاتی ضلع میں ہونے والے حملے کے دوران سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے پی آئی ایف ٹاور کو نقصان پہنچا۔

اس سے قبل سعودی دارالحکومت ریاض متعدد حملوں کا نشانہ بن چکا ہے، جن میں کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والا مہلک حملہ بھی شامل ہے۔ میزائل حملے کی ایک کوشش کے دوران گرنے والے ملبے سے سعودی تیل کمپنی آرامکو کی ملکیت عمارت کو بھی نقصان پہنچا تھا۔

دوسری جانب اتحادی افواج نے بتایا کہ سعودی عرب کی جانب آنے والے میزائل خطرے کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ ابتدائی جائزے کے مطابق میزائل کا ملبہ گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم نقصان کی مکمل تفصیلات کا تعین کیا جا رہا ہے۔

اتحادی افواج کے مطابق سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی جانب داغے گئے چار بیلسٹک میزائلوں کو بھی روک کر تباہ کردیا گیا۔

سعودی سول ڈیفنس ادارے نے اس سے قبل ریاض کے شہریوں کو ممکنہ خطرے سے متعلق خبردار کیا تھا، تاہم ابتدائی طور پر خطرے کی نوعیت واضح نہیں کی گئی۔ بعدازاں ادارے نے اعلان کیا کہ خطرہ ٹل گیا ہے۔

سعودی طیاروں کی صنعاء پر بمباری

حوثیوں کے زیرانتظام خبر رساں ادارے سبا نے آج صبح اطلاع دی کہ سعودی طیاروں نے یمن کے دارالحکومت صنعاء پر فضائی حملے کیے ہیں۔

تاہم رپورٹ میں ان حملوں کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں اور نہ ہی سعودی حکام یا حوثیوں کی جانب سے فوری طور پر ان کارروائیوں کی باضابطہ تصدیق سامنے آئی۔

سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان کشیدگی کی وجوہات

سعودی عرب اور یمن کے حوثی باغیوں کے درمیان لڑائی میں شدت کی بڑی وجہ بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں میں حوثیوں کا اہم اسٹریٹجک مقامات پر قبضہ اور آبنائے باب المندب کی جانب پیش قدمی بتائی جاتی ہے۔

آبنائے باب المندب عالمی بحری تجارت کے لیے ایک اہم گزرگاہ ہے، جہاں سے خلیجی ممالک کے تیل بردار جہازوں کی آمدورفت کا اہم سمندری راستہ گزرتا ہے۔

دونوں فریقوں کے درمیان تازہ لڑائی کے نتیجے میں اقوام متحدہ کی ثالثی میں 2022 میں طے پانے والی جنگ بندی بھی ختم ہوگئی ہے۔ اس معاہدے کے بعد سعودی قیادت میں قائم اتحاد اور حوثیوں کے درمیان حملوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی تھی۔

حوثی باغیوں نے ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی وسیع تر جنگ کے دوران سعودی عرب کے ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور تیل کی تنصیبات پر حملوں میں اضافہ کیا ہے، جبکہ سعودی عرب کی جانب سے بھی یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں کو فضائی کارروائیوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed