اسلام آباد میں حرام گوشت فروخت کرنے والے بڑے نیٹ ورک کا انکشاف، 800 کلو گوشت برآمد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں حرام اور غیر قانونی گوشت کی تیاری و سپلائی میں ملوث ایک بڑے اور منظم نیٹ ورک کا انکشاف ہوا ہے، جہاں اسلام آباد فوڈ اتھارٹی اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں ممنوعہ گوشت برآمد کر کے تلف کر دیا ہے۔

فوڈ اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق 16 نومبر کی رات تقریباً ساڑھے نو بجے اسلام آباد فوڈ اتھارٹی اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے خفیہ اطلاع پر تھانہ گولڑہ کی حدود میں واقع سیکٹر ڈی-14 کے ایک رہائشی مکان پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران موقع سے تقریباً 800 کلوگرام حرام اور ممنوعہ گوشت برآمد کیا گیا، جو ابتدائی اطلاعات کے مطابق گدھے اور کتوں کا تھا۔

مکان کی تفصیلی تلاشی کے دوران 12 زندہ گدھے، ایک مردہ گدھا، 5 زندہ کتے، 17 کچھوے، ایک گیڈر اور ایک نایاب پینگولین بھی برآمد کیے گئے۔ حکام کے مطابق برآمد ہونے والے گوشت اور ان جانوروں کی ترسیل و فروخت کے حوالے سے کوئی قانونی ریکارڈ، لائسنس یا ضلعی انتظامیہ کا اجازت نامہ موجود نہیں تھا۔

فوڈ اتھارٹی حکام نے بتایا کہ شہریوں کی صحت کے تحفظ کے پیشِ نظر برآمد شدہ 800 کلوگرام حرام گوشت کو موقع پر ہی سائنسی طریقے سے تلف کر دیا گیا ہے۔ مزید برآں، تمام زندہ جانوروں کو تحویل میں لے کر محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے والے مکان کو سربمہر (سیل) کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق چھاپے کے وقت مکان میں کوئی ملزم موجود نہیں تھا، تاہم اس مکروہ کاروبار اور منظم نیٹ ورک میں ملوث عناصر کا سراغ لگانے اور ان کی گرفتاری کے لیے مزید تحقیقات اور چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed