برازیل کی ویمنز انڈر 20 لیگ کے فائنل میں کھلاڑیوں کے درمیان ہاتھا پائی
برازیل کی ویمنز انڈر 20 لیگ کے فائنل میں کورنتھیئنز اور فیروویاریا کی کھلاڑیوں کے درمیان شدید جھگڑا ہوگیا، جس کے باعث مقابلہ تقریباً 6 منٹ تک روکنا پڑا۔
واقعہ میچ کے دوسرے ہاف میں پیش آیا، جب دونوں ٹیموں کی کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی شروع ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے معاملہ ہاتھا پائی تک پہنچ گیا۔
صورتحال کشیدہ ہونے پر میچ آفیشلز کو مداخلت کرنا پڑی تاکہ کھلاڑیوں کے درمیان جھگڑا ختم کرایا جاسکے۔ واقعے کے بعد تین افراد کو میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔
اس ناخوشگوار واقعے کے باعث کھیل تقریباً 6 منٹ تک معطل رہا، تاہم حالات معمول پر آنے کے بعد مقابلہ دوبارہ شروع کردیا گیا۔
جھگڑے کے باوجود میچ کا نتیجہ فیروویاریا کے حق میں رہا، جس نے کورنتھیئنز کو صفر کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں دونوں ٹیموں کی کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والی ہاتھا پائی توجہ کا مرکز بن گئی۔







