ملتان نے آئی سی آر سی نیشنل فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ چیمپئن شپ کے تیسرے مرحلے میں بہاول پور کو 6وکٹوں سے شکست دے کر چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی،جہاں اس کا مقابلہ چوتھے مرحلے کی فاتح ٹیم سے کراچی میں ہوگا۔ ملتان نے تیسرے مرحلے کے اپنے تینوں میچوں میں کامیابی سمیٹی اور پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔دوسرے میچ میں حیدرآباد نے سرگودھا کو تین رنز سے زیر کیا۔آئی یو بی گراؤنڈ بہاول پور میں کھیلے گئے ان میچوں کے موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کے رکن اور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن بہاول پور کے صدر طارق سرور،پاکستان فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری امیر الدین انصاری،ملتان اور بہاول پور ریجن کے ہیڈ جمیل کامران،اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورکے اسٹنٹ ڈائرکٹر اسپورٹس قاضی عرفان خلیل،ڈائرکٹر پی پی ڈی سی اے محمد نظام،ملتان ٹیم منیجر منصور احمد،وقار احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔پہلے میچ میں بہاول پور نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر142رنز اسکور کئے۔محمد نعمان نے 23گیندوں پر 6چوکوں کی مدد سے39،عبدالخالق نے آٹھویں نمبر پر کھیلتے ہوئے 6چوکوں کی مدد سے38اور ایم عمران نے ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 32رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ملتان کی جانب سے زبیر سلیم نے21اور آصف کھچی نے 23رنز کے عوض دو دو وکٹوں کا سودا کیا جبکہ محمد عرفان اور محمد آصف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی،جواب میں ملتان نے جہانزیب ٹوانہ کے جارحانہ 67اور محمد مطلوب کے 50رنزکی بدولت چار وکٹ پرمطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔42رنز تین وکٹیں گرنے کے بعد دونوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 100رنز بنا کر ملتان کی جیت یقینی بنائی۔جہانزیب ٹوانہ نے 46گیندوں پر پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست67اور محمد مطلوب نے تین چوکوں کی مدد سے50رنز بنائے۔بہاول پور کے غلام محمد نے دو وکٹیں حاصل کیں۔مہمان خصوصی پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کے رکن طارق سرور نے جہانزیب ٹوانہ کو پلیئر آف دی میچ کیش ایوارڈ دیا۔دوسرے میچ میں حیدرآباد نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سرگودھا کو 3رنز سے زیر کیا،10اوورز پر مشتمل اس میچ میں حیدرآباد نے پہلے کھیل کر حمزہ حمید کے15گیندوں پر چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے بنائے گئے 42اور بابر علی کے26رنز کی بدولت چار وکٹ پر100رنز اسکور کئے۔جواب میں سرگودھا کی ٹیم تین وکٹ پر97رنز بنا سکی۔عاطف34،ایم نوید21اور ایم ارشد20رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔یاسر انصاری نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ملتان اور بہاول پور کے ریجنل ہیڈجمیل کامران نے حیدرآباد کے حمزہ حمید کو پلیئر آف دی میچ کیش ایوارڈ دیا۔نیشنل چیمپئن شپ کا چوتھا اور آخری مرحلہ کراچی میں کھیلا جائے گا۔







