امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی واقع ہو گئی عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق سرمایہ کاروں کے خدشات کم ہونے اور تیل کی سپلائی معمول پر آنے کی توقعات کے باعث برینٹ خام تیل اور ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔برینٹ خام تیل کمی کے بعد 78.80 ڈالر فی بیرل جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 74.30 ڈالر فی بیرل پرآ گئی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت سے آبنائے ہرمز میں ممکنہ رکاوٹوں کے خدشات کم ہوئے ہیں، جس کے باعث عالمی توانائی منڈی میں استحکام کے آثار پیدا ہوئے ہیں۔تجزیہ کاروں کے مطابق اگر دونوں ممالک کے درمیان معاہدے پر عمل درآمد جاری رہا تو تیل کی سپلائی بہتر ہونے کے ساتھ قیمتوں میں مزید کمی ہو سکتی ہے تاہم خطے میں دوبارہ کشیدگی کی صورت میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں پر اثر پڑے گا۔معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کا مثبت اثر پاکستان سمیت تیل درآمد کرنے والے ممالک پر بھی پڑ سکتا ہے۔







