وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے مردان پریس کلب کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی حکومت، صوبائی امور اور سیاسی صورتحال پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا، اور کہا کہ وفاق پر 5 ہزار ارب روپے واجب الادا ہیں۔شفیع جان نے کہا کہ مردان نے ہمیشہ عمران خان اور پی ٹی آئی پر اعتماد کیا، 8 فروری کے انتخابات میں بھی عوام نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا، اور یہ سب پر واضح ہوا کہ خیبرپختونخوا نے اس مینڈیٹ کا بھرپور دفاع کیا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پانچ بجٹ پیش کرنے کے باوجود عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔وزیر اطلاعات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت صحت، تعلیم اور امن و امان پر سرمایہ کاری کر رہی ہے، صوبہ دہشت گردی سے متاثر ہے لیکن وسائل عوامی فلاح پر خرچ کیے جا رہے ہیں، عوامی وزیراعلی روزانہ عوام کے درمیان موجود رہتے ہیں۔انہوں نے دیگر صوبوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں چند سڑکوں کے منصوبوں کو پوری ترقی ظاہر کیا جا رہا ہے، جنوبی پنجاب آج بھی محرومی اور غربت کا شکار ہے، سندھ میں بدانتظامی کی مثال قائم ہو چکی ہے اور پنجاب میں کرپشن کا بازار گرم ہے، جبکہ سب سے بڑھ کر وہاں میڈیا کنٹرولڈ ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر حکومت مخالف پروپیگنڈا جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان قیدِ ناحق کاٹ رہے ہیں، انہیں بنیادی انسانی حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے، پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف 64 ہزار مقدمات درج ہیں، جبکہ ہزاروں کارکن اور رہنما جیلوں میں بند ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ درست ہے کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف کامیابی حاصل کی، لیکن افغانستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی ضرورت ہے، کیونکہ جنگ مسائل کا حل نہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان نے صحافیوں کے لیے متعدد مالی اور ترقیاتی اقدامات کا اعلان کیا







